• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 177296

    عنوان: کسی کو سفید لباس میں دیکھنا

    سوال: میری ایک رشتے دار لڑکی ہے جو تقریباً دو سال قبل تہجّد کی پابند تھی اسی دوران وہ ایک رات اٹھی اور بیت الخلاء گئی تو باہر سے اسے پانی گرنے اور کسی کی کہانسی کی آواز سنائی دی تو جب وہ باہر نکلی تو کوئی نہیں تھا پھر جب اس نے وضو کیا اور جیسے ہی پیچھے کو گھومی تو ایک بہت لمبی چیز دیکھی بالکل سفید لباس میں لیکن وہ لڑکی ڈری نہیں تھوڑی ہی دیر میں وہ چیز غائب ہوگئی تو وہ تہجّد میں مصروف ہوگئی ایسے ہی اسے تہجّد کی نماز کے بعد دعا کرتے ہوئے باہر سے آواز سنائی دیتی ہے کہانسی کی اور وہ لوگ کچھ دعا پڑھتے تھے وہی دعا یہ لڑکی بھی اُن کے ساتھ پڑھتی تھی لیکن اب اسے وہ دعا کے الفاظ یاد نہیں ہے۔ آپ اس بارے میں ذرا کچھ بتائے کیا یہ اللہ کی طرف سے کوئی رحمت کی چیز ہے اور ایسے ہی تہجّد کے وقت اسے ایسا لگتا تھا کہ کسی نے اسے ہلا کر اٹھایا ہو۔اب وہ تہجّد کی نماز نہیں پڑھتی۔ براہ کرم کچھ رہنمائی فرمادیں۔

    جواب نمبر: 177296

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:604-495/N=8/1441

    یہ کوئی صالح جنات بھی ہوسکتا ہے اور نیک فرشتہ بھی، دونوں صورتوں میں سوال میں مذکور لڑکی کو تہجد کا معمول ترک نہیں کرنا چاہیے تھا،آدمی کو اگر کسی نیک کام کی توفیق ہورہی ہو تو اس پر دوام وپابندی ہونی چاہیے، حدیث میں ہے: ”اللہ کو سب سے زیادہ محبوب وپسندیدہ عمل وہ ہے، جو خوب دوام وپابندی سے کیا جائے “( مشکوة شریف ، ص: ۱۱۰، مطبوعہ: مکتبہ اشرفیہ دیوبند، بہ حوالہ: صحیحین)۔ اسی طرح ایک دوسری حدیث میں ہے: حضرت عبد اللہ بن عمرو بن العاصفرماتے ہیں کہ مجھ سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اے عبد اللہ! فلاں کی طرح نہ ہونا، وہ پہلے رات میں اٹھتا تھا، پھر چھوڑدیا“(حوالہ بالا، ص: ۱۰۹)۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند