• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 176132

    عنوان: خواب دیکھا کہ میرے درود تنجینہ پڑھنے کے بعد ...

    سوال: (۱) میرا سوال یہ ہے کہ میں چاہتاہوں کہ ہر روز 100بار درود تنجینہ پڑھوں تہجد میں، مسئلہ یہ ہے کہ میرے جسم کی تیزابیت بڑھ جاتی ہے اور چڑ چڑا پن آجاتاہے، اور ساتھ ساتھ برے خواب بھی آتے ہیں۔ ایسا کیوں ہوتاہے ، براہ کرم، بتائیں۔ (۲) ایک خواب دیکھا کہ میرے درود تنجینہ پڑھنے کے بعد بڑے بڑے ہاتھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے روضے کے پاس ہیں ۔ ایک اور خواب دیکھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے روضے میں میرے سارے خاندان جارہے ہیں ، جب میری باری آئی تو مجھ کو اجازت نہیں ملی۔ براہ کرم، تعبیر بتائیں ۔

    جواب نمبر: 176132

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:437-322/sd=6/1441

     (۱) درود تنجینا کا ذکر کسی حدیث میں نہیں ملتا، درود شریف میں سب سے افضل اور بہتر وہ درود ہیں جن کے الفاظ احادیث میں منقول ہیں اور ایسے بعض درودوں کا مجموعہ بزرگوں نے رسالہ کی شکل میں جمع کردیا ہے مثلاً زاد السعید، اس کو پڑھنے کا زیادہ اہتمام کرنا چاہیے، باقی معانی کے اعتبار سے درود تنجینا میں بھی کوئی سقم نہیں ہے۔آپ کے مسائل اور ان کے حل میں ہے(۲۶۴/۴، ط: مکتبہ لدھیانوی) سوال: میں نے پڑھا تھا کہ صلاة تنجینا ایک ہزار بار پڑھنے سے اللہ تعالیٰ ہرمشکل آسان کردیتا ہے؟ جواب: مجھے معلوم نہیں، بہرحال درود شریف اچھا ہے، اور اللہ تعالیٰ کے لیے کیا مشکل ہے کہ اللہ تعالیٰ اس درود شریف کی برکت سے مشکلات آسان کردے اھ۔

    (۲) آپ اتباع سنت کا اہتمام کریں اور فرائض اور واجبات کی بھی پابندی کریں، خوابوں کے پیچھے نہ پڑیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند