• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 176026

    عنوان: اہلیہ مرحومہ سے متعلق چند خوابوں کی تعبیر

    سوال: زید کی اہلیہ کا چند مہینے پہلے بچی کی ولادت کے مسئلہ میں انتقال ہو گیا، اب تین شب سے خواب یہ دیکھ رہا ہے کہ، اس کی اہلیہ موجود ہیں، لیکن حلالہ کے بغیر ان سے مل نہیں سکتا، دوسری شب خواب دیکھا کہ حلالہ ہو گیا، اب وہ اس سے مل سکتا ہے ، تیسری شب یہ خواب دیکھا کہ طلاق ہو گیا ہے ابھی حلالہ باقی ہے ، اور فون کرنا چاہ رہا ہے ، فون کیا تو بات بھی ہوئی جس سے وہ نہایت خوش ہوا۔ زید کی حالت یہ انتقال کے بعد ہی سے وہ مسلسل ایصال ثواب اور دعا کا اہتمام کئے ہوئے ہے ۔

    جواب نمبر: 176026

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:425-338/N=5/1441

    زیدنے مسلسل تین رات اہلیہ مرحومہ سے متعلق خواب میں جو کچھ دیکھا، وہ اہلیہ کی محبت اور اس کی جدائیگی کے غم اور مرحومہ کے لیے کثرت سے دعا اور ایصال ثواب کرنے کا نتیجہ ہے، اللہ تعالی مرحومہ کی بال بال مغفرت فرمائیں اور درجات بلند فرمائیں، موصوف کو چاہیے کہ مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت اور ایصال ثواب کا سلسلہ برابر جاری رکھیں اور دل کی موجودہ کیفیت کو تعلق مع اللہ کی مضبوطی وپختگی کا ذریعہ بھی بنائیں، اللہ تعالی ہم سب کو اپنے مخلص بندوں میں شامل فرمائیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند