• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 174418

    عنوان: خواب دیکھتا ہوں کہ اپنے ذاتی گھر میں دروازہ کھول کر داخل ہوتا ہوں تو دیکھتا ہوں کہ گھر میں روشنی ہے...

    سوال: میں اپنے والدین کی اکلوتی اولاد ہوں اور ان کے انتقال کے بعد سے اپنی خالہ کے ساتھ رہائش پذیر ہوں اور میرا ذاتی گھر بند ہے ۔ خواب دیکھتا ہوں کہ اپنے ذاتی گھر میں دروازہ کھول کر داخل ہوتا ہوں تو دیکھتا ہوں کہ گھر میں روشنی ہے اور گھر کافی بہتر حالت میں ہے(واضح کردوں کہ مجھے اپنے گھر کی ہر تھوڑے عرصے بعد صفائی کروانی پڑتی ہے دھول مٹی جمع ہونے کی وجہ سے)۔ دیکھتا ہوں کہ میرے والد مرحوم گھر میں موجود ہیں اور باورچی خانے میں کھانا بنا رہے ہیں ۔ (حقیقت میں بھی میری والدہ کے انتقال کے بعد کھانا بنانے کی ذمہ داری انہوں نے اپنے اوپر لے لی تھی)۔ میں ان کے پاس جا کر بیٹھ جاتا ہوں تو وہ مجھے بھی کھانا دے دیتے ہیں ۔ میں دیکھتا کہ ان کے ساتھ دو افراد اور بھی بیٹھے ہیں جن میں سے سیاہ داڑھی والے باریش صاحب مجھے کہتے ہیں کہ تمہارے والد تمہارے لیے بہت فکرمند رہتے ہیں ۔ یہسن کر میں زار و قطار رونے لگتا ہوں کہ اس دنیا سے جانے کے بعد بھی انہیں میری اتنی فکر ہے اور میں تو حقیقت میں ان کیلئے پابندی سے ایصال ثواب بھی کرتا رہتا ہوں ۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے تو خواب میں رونے اور والد کییاد کی وجہ سے غمگین ہوتا ہوں۔

    جواب نمبر: 174418

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 220-178/D=03/1441

    خواب سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے والدین کے لئے ایصال ثواب کرنے کے ساتھ اپنے دین و دنیا کی ترقی کی بھی کوشش کریں احکام شریعت و سنت پر مضبوطی کے ساتھ عمل پیرا ہوں تاکہ والدین کے لئے ان کی آنکھوں کی ٹھنڈک بن سکیں اور ان کے لئے آپ یہ دعا کرتے ہیں رَبِّ ارْحَمْہُمَا کَمَا رَبَّیَانِیْ صَغِیْراً ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند