• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 172737

    عنوان: میں نے خواب میں دیکھا کہ ہم سب گھر والے اپنی گاڑی میں بیٹھے ہیں اور والد صاحب مرحوم گاڑی چلا رہے...

    سوال: میرے والد محترم انتقال فرما گئے ہیں۔ کچھ خوابوں کی تعبیر دریافت کرنی ہے ۔1 ) کچھ عرصہ پہلے میں نے خواب میں دیکھا کہ ہم سب گھر والے اپنی گاڑی میں بیٹھے ہیں اور والد صاحب مرحوم گاڑی چلا رہے ہیں ہم کسی لمبے سفر میں ہیں ہمارے 2 چچا راستے میں نظر آتے ہیں جیسے وہ بھی آدھے راستے تک ہمارے ساتھ چل رہے تھے وہ گاڑی سے باہر راستے میں کھڑے نظر آتے ہیں اور آگے کا راستہ سمجھا رہے ہوتے ہیں مجھے خواب میں یہی سمجھ آتا ہے کہ آگے وہ ساتھ نہیں جائیں گے ، آگے والد صاحب ایک بہت دشوار راستے کو پار کرتے ہیں راستہ تقریبا عمودی چڑھائی کا ہوتا ہے لیکن بخیر و عافیت پار کر لیتے ہیں، راستے میں 1 جگہ پیٹرول پمپ پر رکتے بھی ہیں، ہمارے بڑے بھائی بھی گاڑی میں ہوتے ہیں اور ان کا منہ بنا ہوتا ہے ،جیسے ناراض ہوں کسی بات پر، حقیقت میں بھی اکثر وہ کسی نہ کسی بات پر گھر واوں سے ناراض ھی رہتے ہیں۔ 2 ) ایک دن خواب دیکھا کہ والد صاحب مرحوم کے ساتھ میں ،میری والدہ ، اور 2 والد صاحب کی بہنیں بذریعہ روڈ اپنی گاڑی میں حج کے لیے جا رھے ہیں اور والد صاحب میقات پر گاڑی روکتے ہیں وھاں ایک مسجد کے پاس ہم اترتے ہیں نفل پڑھنے کے لیے تلبیہ ہم نے گاڑی سے اترنے سے پہلے پڑھ لیا اور والد صاحب گاڑی کو سائے میں راستے سے ہٹ کر مسجد سے تھوڑا آگے پارک کرتے ہیں تو میں کہتی ہوں کہ پتا نہیں ابو نے تلبیہ پڑھا تھا کہ نہیں کہیں گاڑی آگے پارک کرنے میں میقات سے بغیر نیت کے گزرنا تو نہیں ہو گیا۔ 3) یہ خواب رمضان کی 25 یا 27 ویں رات کو دیکھا کہ والد صاحب کچھ کپڑے دھونے کو دیتے ہیں میرے ایک ماموں بھی گھر میں نظر آتے ہیں تو میں سوچتی ہوں کہ ابو کے کپڑے گرمی کے پسینے والے ہیں میں واشنگ مشین میں پہلے ماموں کے کپڑے ڈال دیتی ہوں کہ ماموں کو پسینہ نہیں آتا اگر آئے بھی تو اس میں بو نہیں ہوتی کہ مشین میں پہلے نسبتا صاف کپڑے ڈالے جاتے ہیں ،پھر سوچتی ہوں کہ کہیں اس میں گستاخی تو نہیں کہ ماموں کے کپڑوں کو ابو کے کپڑوں پر ترجیح دے رہی ہوں حالانکہ ابو کا حق زیادہ ہے چاہے زیادہ گندے ہوں پہلے ابو کے ڈالنے چاہیئں، پھر دیکھتی ہوں کہ ابو اپنے گیلے کپڑے لاؤنج مین ایک تار باندھ کر اس پر لٹکا رہے ہیں باہر شاید بارش کا امکان ہوتا ہے ، مجھے یہ دیکھ کر شرمندگی ہوتی ہے اور ابو سے کہتی ہوں کہ میں ابھی دھونے ہی لگی تھی پھر ابو کہتے ہیں کہ میں نے 1 بار سادے پانی میں ڈبو کر نکالے ہیں اس طرح پسینے کی تیزابیت اور بو نکل جاتی ہے اور میں سوچتی ہوں کہ واقعی اس طرح صابن اور صرف کی بھی بچت ہوتی ہے ، خواب کا کچھ حصہ مجھے یاد نہیں رہا۔ 4) یہ خواب ابھی چند دن پہلے نظر آیا کہ میرے والد صاحب مجھے اپنی ڈیوٹی والی کچھ شرٹس دیتے ہیں ان پر کچھ کالے مشینوں والے تیل کے داغ ہوتے ہیں وہ کہتے ہیں کہ ان کو پہلے مٹی کے تیل سے دھونا ہے میں شرٹس لے لیتی ہوں، اور سوچتی ہوں کہ پہلے ان داغوں کو مٹی کا تیل لگا کر ملنا ہے پھر اس کو سکھانا ہے کہ تیل اڑ جائے پھر اس کو دھوؤں گی ابھی رات کا وقت ہے دھوپ میں صحیح خشک ہوتا ہے ، مجھے خواب کا باقی حصہ یاد نہیں لیکن خواب میں یہ محسوس ہوتا ہے کہ میں کپڑے دھونے میں تاخیر کر رہی ہوں۔ برائے مہربانی ان چاروں خوابوں کی تعبیر ارشاد فرما دیجئے ، نیز خواب میں مرحومین کا کپڑے دھونے کو دینے کا کیا مطلب ہوتا ہے ؟ خیرا و احسن الجزاء فی الدارین

    جواب نمبر: 172737

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 1300-172T/B=12/1440

    (۱) والد مرحوم کے لئے زیادہ سے زیادہ ایصال ثواب کیجئے۔

    (۲) ممکن ہو تو والد صاحب کی طرف سے حج کر لیجئے۔

    (۳) باپ کی اطاعت میں آپ کے اندر کمی پائی جاتی ہے۔

    (۴) اس خواب کی تعبیر نمبر 3 کے مانند ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند