• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 169847

    عنوان: کوئی کمرہ بک کرکے اس میں جمعہ قائم کرنے کا حکم

    سوال: علی خان کوریا سے ، مفتی صاحب میرا سوال یہ ہے کہ میں جنوبی کوریا میں مقیم ہوں(نیا آیا ہوں)۔ یہاں پڑھائی کرنے آیا ہوں، یہاں جس یورنیورسٹی میں پڑھتا ہوں ادھر یورنیورسٹی میں یا قریب کوء مسجد نہیں ہے اور میرے علاوہ 3 اور پاکستانی بھی ہیں۔ مسئلہ یہ ہے کہ ہمیں کبھی بھی ایک وقت اکھٹے نماز پڑھنے کا وقت اور موقع نہیں ملتا۔ (ماسٹرز کرنے والے سٹوڈنٹس اپنا پورا ٹائم لیب میں گزارتے ہیں اور میری لیب میں میں اکیلا ہوں )۔مجھے کبھی پہلے ٹائم مل جاتا ہے تو اکیلے پڑھ لیتا ہوں۔دوسرے دوستوں کو بعد میں وقت ملتا ہے (مطلب جس ٹائم کسی کو وقت مل جاتا ہے نماز پڑھ لیتا ہے لیکن قضا ہونے نہیں دیتا) ۔کبھی ایک ہی ٹائم میں فراغت نہیں ہوتی تو جماعت کی نماز کا احتمام نہیں ہوتا تو کیا اس حالت میں مجھے گناہ ہوگا نماز جماعت سے ادا نہ کرنے کا؟ اور جب میں اکیلے نماز پڑھوں تو کیا اقامت کا کیا کروں (اکسر میں اقامت کر بھی لیتا ہوں )؟ یا آذان بھی دیا کروں نماز سے پہلے ؟ دوسرا مسلہ یہ ہے کہ یہاں پہ جو پاکستانی پہلے سے مقیم ہیں وہ جمعہ کے دن ایک کمرہ بک کرکے جمعہ کی نماز پڑا کرتے ہیں ( قریبی مسجد یہاں سے باء بس چالس سے پچاس منٹس کے فاصلے پر ہے اور وہاں جانے کی اجازت نہیں ملتی) یہاں یورنیورسٹی میں ہمیں اپنے ضرورت کا حلال سامان بھی نہیں ملتا، اس کو لینے کیلئے ہمیں ایک گھنٹہ دور جانا پڑتا ہے اور کچھ سامان اورڈر(order) پہ منگوانا ہوتا ہے ،تو کیا ایسے حالات میں جمعہ کی نماز پڑھی جاسکتی ہے ؟ اور اگر نہیں پڑھی جاسکتی ہے تو جو ایک نماز جمعہ میں نے پڑھی ہے اس کا کیا حکم ہوگا۔

    جواب نمبر: 169847

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:726-670/N=9/1440

    (۱): جہاں تک ہوسکے نماز باجماعت کا اہتمام کیا جائے۔ اور اس کے لیے جو شکل مناسب ہو، اختیار کی جائے۔

    (۲): جب آدمی گھر یا اسکول وغیرہ میں اکیلے نماز پڑھے یا جماعت سے اور قریب کی کسی مسجد میں اذان واقامت کہی گئی ہو تو اذان واقامت دونوں کہہ لینا بہتر ہے(بہشتی زیور مدلل، ۱۱:۲۴، ۲۵، مسئلہ: ۴، مطبوعہ: کتب خانہ اختری متصل مظاہر علوم سہارن پور)۔

    (۳، ۴) : آپ کے پاکستانی بھائی جس جگہ کمرہ بک کرکے نماز جمعہ ادا کرتے ہیں، وہ اگر کسی شہر یا قصبہ یا کسی بڑے گاوٴں (جو بہ حکم قصبہ ہو)کی آبادی کا حصہ ہے اور نماز جمعہ میں ہر نمازی کو شرکت کی اجازت ہوتی ہے، یعنی: بند کمرے میں صرف مخصوص لوگوں کی نماز جمعہ نہیں ہوتی ہے تو مسجد کی دوری کی وجہ سے وہا ں جمعہ قائم کرنے کی اجازت ہے۔ اور اگر صورت حال کچھ اور ہو تو تفصیل لکھ کر دوبارہ سوال کیا جائے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند