• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 167813

    عنوان: اصحاب صفہ اور غیر اصحاب صفہ کے درمیان محاکمہ کرکے ایک کا درجہ گھٹانا کیسا ہے ؟

    سوال: میرا نام محمد یوسف ہے اور میں بنگلور سے ہوں ، ایک یہاں دعوت کے ساتھی نے اپنے بیان میں یہ جملہ کہا کہ عشرہ مبشرہ کے جو صحابہ ہیں وہ اصحابے صفہ میں سے نہیں ہیں ان کا بولنے کا مطلب یہ ہے عشرہ مبشرہ کے جو صحابہ ہیں وہ دین اور دنیا کو لیکر چلے اور صفہ کے صحابہ صرف دین دار تھے ۔ لیکن بات سننے والوں کو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اصحاب صفہ کے صحابہ کی ترقی ذکر کی وجہ سے نہیں ہوئی،مجھے یہ جملہ فساد کرنے والا محسوس ہورہا ہے ۔

    جواب نمبر: 167813

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:432-370/sn=5/1440

     معلوم نہیں مقرر صاحب نے کس سیاق میں یہ بات کہی ہیں؟ نیز سوال میں جو مطلب بیان کیا گیا ہے یہ مقرر صاحب کا منشا ہے یا محض آپ کا کشید کردہ ہے ؟ بہرحال عشرہ مبشرہ گو خلفائے راشدین کے بعد سب سے افضل ہیں نیز ان میں سے حضرت سعد بن ابی وقاص کے علاوہ کوئی اور صحابی اصحاب صفہ میں اگر چہ نہ تھے ؛ لیکن چونکہ دونوں طرح کے صحابہ (یعنی جو اصحاب صفہ میں سے ہیں اور جو نہیں ہیں) کا عمل منشاء نبوت کے مطابق تھا اور دونوں کا دین کی ترقی میں نمایاں کردار رہا ؛اس لئے بعد کے کسی فرد کو ان کے درمیان محاکمہ کرکے کوئی نیا نتیجہ نکالنے سے احتیاط چاہئے ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند