• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 166963

    عنوان: پے ٹی ایم یا فون پے پر بہ طور انعام وترغیب جو گولڈ ملتا ہے، اس کا کیا حکم ہے؟

    سوال: پے ٹی ایم پر یہ آفر ہے کہ اگر ہم 10 مرتبہ 20 روپیہ کی پیمنٹ کرتے ہے تو 100 روپیے کا گولڈ ملتا ہے اور اس گولڈ پر ہمارا اختیار ہے کہ ہم اس کو منگوا بھی سکتے ہے ڈاک کے ذریعے اور پے ٹی ایم پر بیچ بھی سکتے ہے تو کیا اس طرح لینا اور اسکو بیچنا صحیح ہے ؟ (۲) فون پے ایک ایپ ہے جو کسی کو اس پر دعوت دیکر جوڑنے پر 100 روپیے انعام دیتی ہے پھر ہم ان 100 کا گولڈ خرید لیتے ہیں اور بیچ دیتے ہیں اسی پر تو کیا یہ صحیح ہے ؟ اس میں بھی پے ٹی ایم کی طرح اپنے پاس منگایا جا سکتا ہے ؟ براہ کرم رہنمائی فرمایئے ۔

    جواب نمبر: 166963

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:280-370/N=5/1440

    (۱):پے ٹی ایم کے ذریعہ پیسے ٹرانسفر کرنے پر ایپ کمپنی کی طرف سے جو کچھ متعینہ پیسوں کا گولڈ ملتا ہے، یہ (ایپ استعمال کرنے پر اور آیندہ بار بار استعمال کے لیے )ایک تشجیعی وترغیبی انعام ہے اور اس کا لینا جائز ہے؛ البتہ گولڈ پر قبضہ سے پہلے کمپنی کے ہاتھ اُس کا فروخت کرنا جائز نہیں؛ اس لیے ہر شخص اپنے متعینہ پیسوں کا گولڈ پہلے ڈاک کے ذریعہ اپنے پاس منگوالے اور اس پر قبضہ کرلے، اس کے بعد اگر کسی کے ہاتھ فروخت کرنا چاہے، اُس سے پہلے۔

    (۲):فون پے میں بھی ملنے والا گولڈ اپنے پاس منگواکر اس پر قبضہ کرنا ضروری ہے، قبضہ سے پہلے فون پے کمپنی یا کسی اور کے ہاتھ فروخت کرنا جائز نہ ہوگا ۔

    نوٹ: واضح رہے کہ پیسے کمانے کے لیے محض حیلہ کے طور پر کسی ایپ کا استعمال نہ کیا جائے ؛ کیوں کہ یہ دیانت ومروت کے خلاف ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند