• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 166365

    عنوان: مکروہ تحریمی اور تنزیحی میں کیا فرق ہے ؟ ان سے نماز اور روزہ میں کیا فرق آتا ہے ؟

    سوال: مکروہ تحریمی اور تنزیحی میں کیا فرق ہے ؟ ان سے نماز اور روزہ میں کیا فرق آتا ہے ؟

    جواب نمبر: 166365

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 146-271/SN=04/1440

    مکروہ تحریمی قریب بہ حرام ہوتی ہے، اس پر عمل کرنا جائز نہیں ہے، مکروہ تحریمی کی وجہ سے بسااوقات نماز واجب الاعادہ ہو جاتی ہے اور بسااوقات واجب الاعادہ تو نہیں ہوتی؛ لیکن ثواب میں بڑی کمی آتی ہے، اسی طرح روزہ کے دوران مکروہ تحریمی کے ارتکاب سے ثواب میں بڑی کمی آتی ہے گو روزہ صحیح ہو جاتا ہے، اس کی قضا ضروری نہیں ہوتی، رہی مکروہ تنزیہی تو اس کا اطلاق خلاف اولیٰ پر ہوتا ہے یعنی جس کے ارتکاب سے گناہ تو لازم نہیں آتا؛ لیکن اس سے بچنے سے ثواب بہت بڑھ جاتا ہے ، دونوں کی شناخت دلیل سے ہو تی ہے، اگر ممانعت کی دلیل ظنی الثبوت یا ظنی الدلالة ہے یا اس فعل کی وجہ سے ترک واجب لازم آتا ہے تو وہ مکروہ تحریمی ہے، اگر ممانعت کی دلیل خلاف اولیٰ یا ترک استحباب پر مبنی ہو تو مکروہ تنزیہی ہوتی ہے۔ والمکروہ فی ہذا الباب نوعان أحدہما: مایکرہ تحریماً ․․․․ وذکر أنہ فی رتبة الواجب لایثبت إلا بما یثبت بہ الواجب یعنی بالأمر الظني الثبوت أو الدلالة ۔

    ثانیہما: المکروہ تنزیہاً ومرجعہ إلی ماترکہ أولی الخ (درمختار مع الشامی: ۳/۴۰۴، ط: زکریا) نیز دیکھیں: درمختار مع الشامی: ۹/۴۸۶، ۴۸۷، ط: زکریا) ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند