• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 164154

    عنوان: غیر محرم کو بھائی بنانا

    سوال: ایک غیر محرم عورت نے زید کو بھائی بنا یا ہو۔ جو خود بھی مسلمان ہو۔ بلا تکلف اٹھنا بیٹھنا ہو۔ خاوند کی غیر موجودگی میں بھی آنا جانا ہوتا ہو اور دونوں دین کو بھی جانتے ہوں اور دینی ماحول میں رہتے ہوں ایسی صورت میں کیا کرنا چاہیے ۔مسئلہ ھذامیں مفتیان اکرام سے قران و حدیث کی روشنی میں رہنمائی فرمائیں۔

    جواب نمبر: 164154

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 1287-1221/B=1/1440

    قرآن و حدیث میں پردے کی بڑی اہمیت و تاکید آئی ہے قرآن میں اللہ تبارک وتعالیٰ نے فرمایا ”وإذا سألتموہن متاعاً فاسئلوہن من وراء حجاب ذلکم أطہر لقلوبکم و قلوبہن“ (سورہ احزاب) کہ جب تم ان سے (ازواج مطہرات) سے کچھ مانگو توپردے کے پیچھے سے مانگو اس سے تمہارے اور ان کے دلوں میں پاکیزگی پیدا ہوگی، اس لئے نامحرم کے سامنے بے پردہ ہوکر آنا جائز نہیں اور کسی اجنبی (غیر محرم) کو بھائی بنا لینے سے وہ محرم نہیں بن جاتا، لہٰذا صورت مسئولہ میں مذکورہ عورت کا زید کے ساتھ بے تکلف اٹھنا بیٹھنا جائز نہیں اور شوہر کی غیر موجوگی میں آمد ورفت جائز نہ ہونے کے ساتھ فتنے سے بھی خالی نہیں، اس لئے اس طرح غیر محرم کے ساتھ اختلاط سے بالکلیہ اجتناب ضروری ہے۔ قال العلامة الحصکفی (رحمہ اللہ): الخلوة بالأجنبیة حرام (درمختار: ۹/۵۲۰، زکریا) ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند