• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 164123

    عنوان: خواب یوں ہے کہ میں دیکھتا ہوں کہ میرا کوئی امتحان شاید ضمنی چل رہا ہے ...

    سوال: (۱) پہلا خواب یوں ہے کہ میں دیکھتا ہوں کہ میرا کوئی امتحان شاید ضمنی چل رہا ہے اور میں امتحان کو ایک گھنٹہ دیر سے پہنچتا ہوں۔ میں وقت کو دیکھتا ہوں اور مجھے ہیبت شروع ہو جاتی ہے کہ اتنے کم وقت میں پیپر لکھنا ہے۔ اور پھر خواب ہی میں محسوس کرتا ہوں کہ خوف اور ہیبت کی وجہ سے احتلام ہونے لگتا ہے۔ حالانکہ جب میں نیند سے باہر ہوا تو مجھے کوئی قسم کی نمی محسوس نہیں ہوئی۔ اسی طرح کا ایک اور خواب جس میں یہی خوف کی وجہ سے احتلام ہونے کا محسوس ہونا کچھ مہینہ پہلے دیکھا تھا۔ پورا خواب اب یاد نہیں اس لئے بیان نہیں کیا۔ واضح رہے کہ میں اپنی طالب علمی کے زمانے میں اس طرح کے حالات سے گذر چکا ہوں۔ کہ مجھے کئی بار امتحان ہال میں سوال نہ آنے پر یا وقت کی کمی کی وجہ سے منی خارج ہوئی ہے۔ (۲) دوسرا خواب کامل یاد نہیں پر اس میں کچھ اشارةً کچھ ایسا محسوس ہوا کہ پانی کی موٹر سے پانی چڑھنے کے بعد والدہ کا انتقال ہوئے گا۔ میں بیدار ہونے کے بعد بڑی فکر میں پڑ گیا۔ اور امی کی لمبی عمر کے لئے دعاء کرنے لگا۔ (۳) تیسرا خواب بھی کامل یاد نہیں پر اس کا کچھ حصہ یاد رہ گیا کہ کوئی بتارہا ہے کہ تو پھر بھی قبول ہو جائے گا لیکن تیرا بیٹا کافر ہوگا۔ میں اس خواب سے بیدار ہونے کے بعد دعاء کرنے لگا کہ اے اللہ! میری ساری نسل تاقیامت تیری فرمانبردار بنادے۔ واضح رہے کہ میری تو شادی بھی نہیں ہوئی۔ بتانے والا بھی کچھ غصہ کی حالت میں بتا رہا ہے ایسا محسوس ہورہا۔ جزاک اللہ

    جواب نمبر: 164123

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 1204-213T/SN=12/1439

    (۱) یہ وہ خیالات معلوم ہوتے ہیں جنہیں آپ سوچتے یا دماغ میں لاتے رہتے ہیں، اس طرح کے خواب قابل تعبیر نہیں ہوتے۔

    (۲) آپ فکر نہ کریں، ان شاء اللہ آپ کی والدہ کو لمبی زندگی ملے گی۔

    (۳) یہ شیطانی خواب معلوم ہوتا ہے، آپ روزانہ باوضو سویا کریں اور سونے سے قبل آیة الکرسی اور معوذتین پڑھ کر اپنے اوپر دم کر لیا کریں، ان شاء اللہ اس طرح کے خواب نہیں آئیں گے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند