• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 161671

    عنوان: حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ كی عظمت كے منكر كا حكم؟

    سوال: سوال:۔ کیا فرمائے ہیں علمائے کرام ایک ایسے شخص کے متعلق جو یہ کہتا ہے کہ میں تمام صحابہ کرام کی عظمتوں کا قائل ہوں سوائے ایک صحابی حضرت امیر معاویہ کے ؟ ایسا کہنے سے از روئے شریعت کیا اس کے ایمان پر کیا کوئی فرق پڑے گا؟

    جواب نمبر: 161671

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:1115-982/H=9/1439

    اللہ پاک نے قرآن کریم کی بے شمار آیاتِ مبارک میں حضراتِ صحابہٴ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین کے اعلی درجہ کے مناقب وفضائل بیان فرمائے ہیں دنیا وآخرت کی بہت ساری عظمتوں سے نوازے جانے کا اعلان فرمایا ہے اور یہ مناقب وفضائل بغیر استثناء کے تمام صحابہٴ کرام رضی اللہ عنہم کے حق میں ارشاد فرمائے ہیں اِن مناقب وفضائل کے مصداق بلاشبہ سیدنا حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بھی ہیں، حضرت سید الاولین والآخرین احمد مجتبی محمد مصطفی صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے کتابتِ وحی کے نازک منصب کی عظمتوں سے نوازا مخصوص دعاوٴں سے سرفراز فرمایا ام الموٴمنین حضرت سیدہ ام حبیبہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے توسط سے برادرنسبتی ہونے کا شرف حاصل ہوا ان کے علاوہ بارگاہِ رسالت سے اور بھی کئی عظمتیں حاصل ہوئی ہیں اجلہٴ اکابر صحابہ رضی اللہ عنہم حضرت سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی کئی ایک عظمتوں کے معترف تھے پس جو شخص یہ کہتا ہے کہ ”میں تمام صحابہٴ کرام کی عظمتوں کا قائل ہوں سوائے ایک صحابی حضرت امیر معاویہ کے“ وہ کھلی گمراہی میں مبتلا ہے، اس کا ایمان ضلالت وگمراہی کی گہری دلدل میں پھنسا ہوا ہے اللہ پاک فتنِ ظاہرہ وباطنہ سے موٴمنین کی حفاظت فرمائے۔ آمین


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند