• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 161134

    عنوان: جاندار کی ویڈیو گرافی كا حكم؟

    سوال: کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ ہم نے ایک کمپنی کا ایک سافٹ ویئر خریدا ہے ۔جس میں ایڈ (شامل)ہونے کے لیے 2500 روپے فیس لی جاتی ہے ۔پھر اپنے اس گاہک سے ویڈیو دیکھنے کا کام لیا جاتا ہے ۔جس کی تفصیل یہ ہے کہ کچھ لوگ اپنی کمپنی کی تشہیر بطور اشتہارات کرتے ہیں۔جس کا طریقہ یہ ہوتا ہے کہ کمپنی میں جو کام ہوتا ہے یا جو خاص چیز تیار کی جاتی ہے اس کی کچھ دیر کی ویڈیو بنا لی جاتی ہے ۔اور وہ ویڈیو اشتہار کے طور پر استعمال ہوتی ہے ۔اب اس ویڈیو کو ہماری کمپنی لے لیتی ہے اوراسے لوگوں تک پہنچاتی ہے ۔اب جو لوگ اس ویڈیو کو دیکھتے ہیں انہیں فی ویڈیو کے حساب سے پیسے دیے جاتے ہیں ۔اور ہر ویڈیو کو دیکھنے کے پیسے مختص ہوتے ہیں۔کسٹمر کو کسی قسم کی جہالت میں نہیں رکھا جاتا۔اور یہ پیسے ہم نے پہلے ہی اشتہار والی کمپنی سے وصول کیے ہوتے ہیں۔ تو کسٹمر جتنے زیادہ اشتہارات دیکھتا ہے اسے اتنی زیادہ آمدنی دی جاتی ہے ۔ اب اس حساب سے ہمارے پاس اشتہارات بہت زیادہ ہوتے ہیں اور لوگ بہت کم۔اور ہمارے پاس اتنا ٹائم بھی نہیں ہوتا کہ ہم ایک ایک کے پاس جا کر اسے اپنی کمپنی کا کام سمجھا ئیں اور اسے اپنی کمپنی کے ساتھ منسلک کر لیں۔اس کمی کو پورا کرنے کے لیے ہم اپنے کسٹمر(گاہک) کو یہ کہتے ہیں کہ اگر تم ہماری اس کمپنی میں کسی کو ایڈ(منسلک) کرو گے تو ہم تمہیں کچھ اضافی رقم بھی دیں گے ۔تو یہ گاہک اب جتنے لوگ ہماری کمپنی میں شامل کروائے گا اور وہ کام بھی کرتے رہیں گے تو اس لانے والے کو بونس کی شکل میں پیسے ملتے رہیں گے نئے آنے والوں کی آمدنی میں کمی کیے بغیر۔یاد رہے کہ یہ اضافی بونس اس آمدنی کے علاوہ ہے جو ہماری طرف سے کسٹمر کو دی جاتی ہے ۔یعنی کہ بونس کو تنخواہ کا حصہ نہیں بنایا جاتا۔ اور یہ بھی واضح کرتا چلوں کہ اس میں کام کرنے کے لیے الگ الگ آپشن ہیں۔مثلاً کسٹمر سے پوچھا جاتا ہے کہ تم صرف کام کرنا چاہتے ہو یا کام کے ساتھ ساتھ ہمیں کسٹمر بھی لا کر دو گے ۔تو اگر وہ صرف کام والے آپشن کا استعمال کرتا ہے تو وہ صرف کام کرے گا۔کسٹمر لانے کا بونس وہ نہیں لے سکتا۔اگر وہ کام کے ساتھ ساتھ کسٹمر لانے کے آپشن کا انتخاب کرے گا تو وہ کسٹمر لانے کی صورت میں اضافی بونس کا حقدار بھی ہوگا۔اور اب اس کے لیے یہ شرط بھی ہوگی کہ اگر کسٹمر ایک مہینے تک نہیں لا کر دیتا تو اسے کمپنی کے ساتھ اٹیچ رہنے کے لیے کچھ اضافی فیس بھی جمع کروانی ہوگی ۔اگر وہ جمع نہیں کرواتا تو اسے یا تو نکال دیا جائے گا یا اسے صرف کام کرنے کے آپشن میں ڈال دیا جائے گا۔ اب آپ ہماری رہنمائی کریں کہ اس کام میں کون سا ایسا کام ہے یا کون سی ایسی شرط ہے جو شریعت کے اصولوں کے متصادم ہے ۔ہم پوری کوشش کریں گے کہ ہم اس کام کو شریعت مطہرہ کے مطابق چلا سکیں۔

    جواب نمبر: 161134

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:1102-105T/L=9/1439

    اس کام کی بنا ہی ویڈیو گرافی اور ویڈیو بینی پر ہے ،اورجاندار کی ویڈیو گرافی اسلام میں ناجائز ہے ،اسی طرح ویڈیو دیکھنا خود ایک مکروہ عمل ہے اور اگر اس میں عورتوں کی تصاویر ہوں یا دیگر خرافات ہوں تو اس کی قباحت مزید بڑھ جاتی ہے ،اگر اس کے علاوہ کوئی اور طریقہ اس کا ہوسکتا ہو تو اس کی وضاحت کرکے سوال کرلیا جائے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند