• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 160111

    عنوان: بیوی كی اصلاح كے لیے كیا كرنا چاہیے؟

    سوال: ابھی میری شادی کو ڈیڑھ سال ہوئے ہیں، پانچ ماہ کا ایک بیٹا بھی ہے۔ میری بیوی جھوٹ بولتی ہے اور مجھ سے باتیں بھی چھپاتی ہے جو کہ مجھے ناگوار ہے، وہی کام کرتی ہے جس کام کو میں منع کرتا ہوں، اور جب میں تھوڑی سختی دکھاتا ہوں تو خودکشی کی دھمکی دیتی ہے، رو رو کر گھر میں ڈرامہ کرتی ہے۔ اس بار تو حد ہی ہوگئی وہ لڑائی کرکے اپنے گھر گئی ہے اور کوئی خبر بھی نہیں لی۔ اب آپ ہی کچھ مشورہ دیں۔

    جواب نمبر: 160111

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:785-720/M=7/1439

    ایسا معلوم ہوتا ہے کہ آپ کی بیوی، دینی تعلیم وتربیت سے بہت دور ہے، والدین کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ بچپن سے اولاد کی اچھی تربیت کریں، بہرحال صورت مسئولہ میں آپ بیوی کو حکمت، نرمی اور حسن تدبیر سے سمجھایا کریں اور سختی سے کام لینے کے بجائے پیار ومحبت اور نرم انداز سے بات منوانے کی کوشش کریں، گھر میں تعلیم شروع کریں اور محلے پڑوس میں عورتوں کا دینی اجتماع ہوتا ہو تو وہاں بھیج دیا کریں، بیوی کے والدین کو بھی حالات سے آگاہ کردیں تاکہ وہ بھی گاہے بہ گاہے اپنی لڑکی کو نصیحت کرتے رہیں، بیوی کی جانب سے پہنچنے والی ناگواریوں پر صبر وتحمل سے کام لے کر ہرممکن نباہ کی کوشش کرتے رہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند