• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 159530

    عنوان: ڈائرکٹ مارکیٹنگ /نیٹ ورک مارکیٹنگ کا حکم

    سوال: میں ایک نیٹ ورک مارکیٹنگ کمپنی گلیج ٹریڈنگ انڈیا(Glaze Trading India Pvt Ltd) میں ایک مہینہ سے کام کررہاہوں۔یہ کمپنی صحت، کھیتی اور گھریلو استعمال کے سامان خود بناتی ہے ، اور سیدھے ڈسٹری بیوٹر تک پھنچاتی ہے ۔اس کمپنی میں جڑنے کا طریقہ یہ ہے کہ سو روپیے کا اسٹمپ پیپر اور پچیس روپیے کا سیل فارم بھرنے کے بعدمیں بی ڈی بنا۔بی ڈی کا فل فارم بزنس ڈسٹری بیوٹر ہے ۔اس کے علاوہ کوئی جوائننگ فیس مجھے نہیں لگی۔مجھ سے بزنس آگے بڑھانے کے لیے دس ہزار پانچ سو روپیے لیے گیے ۔ان روپیوں کے بدلے میں مجھے کمپنی کے کچھ پروڈکٹ بطور استعمال اور سی ڈی لیبل ملا۔ان دس ہزار پانچ سو روپیے سے بزنس ویلو چالیس آئی پی بنی جو کہ چار ہزار کے برابر ہے اور ان چالیس آئی پی کا کمیشن مجھے جوڑنے والے سے لے کر اوپر والوں کو ملا۔ان میں سے مجھے کچھ نہیں ملا۔کمپنی میں کل آٹھ لیبل ہیں ۔اس سی ڈی لیبل کا مطلب یہ ہوا کہ اگر میں آئندہ کمپنی کا کوئی بھی پروڈکٹ خریدوں گا یا کسی کو اس کمپنی میں لاکر اس کی جوائننگ کرانے کے بعد اس کو بی ڈی سے سی ڈی بناؤں گا یعنی اس کو کمپنی سے دس ہزار پانچ سو روپیے کے پروڈکٹ خریدواؤں گا تو اس خریداری کا نو فیصد مجھے کمیشن ملے گا۔اگر میں چار لوگوں کو اس کمپنی میں لاکر ان کو دس ہزار پانچ سو روپیے کے پروڈکٹ خریدواؤں گا یعنی ان کو سی ڈی بناؤں گا تو میں پی ڈی لیبل والا بن جاؤں گااور مجھے ان چار لوگوں کی ٹوٹل بیالیس ہزار روپیے کی خریداری کا چودہ فیصد کمیشن ملے گا۔آئندہ جب بھی خریدوں گا یا میرے نیچے کے لوگ خریدیں گے تو اس خریداری کا چودہ فیصد مجھے ملتا ررہے گا۔ اس کمپنی میں پرموشن لینے کے لیے خود سے پروڈکٹ خریدکر یا دوسرے لوگوں کو ممبر بنانے کے بعد ان سے پروڈکٹ خریدواکر بزنس ویلو یعنی آئی پی بڑھانی پڑتی ہے ۔پرموشن کا طریقہ حسب ذیل ہے : (1) ایک سو ساٹھ آئی پی ہوجانے کے بعد پی ڈی لیبل یعنی چودہ فیصد کمیشن (2)چھ سو آئی پی ہوجانے کے بعد ای ڈی لیبل یعنی انیس فیصد کمیشن (3)اٹھارہ سو آئی پی ہوجانے کے بعد ایس ڈی لیبل یعنی چوبیس فیصد کمیشن (4)چھتیس سو آئی پی ہو جانے کے بعد آر ڈی لیبل یعنی بتیس فیصد کمیشن (5)بہتر سو آئی پی ہوجانے کے بعد ڈی ڈی لیبل یعنی بیالیس فیصد کمیشن (6)چودہ ہزار چار سو آئی پی ہوجانے کے بعد جی ڈی ڈی لیبل یعنی چھیالیس فیصد کمیشن کا مستحق بن جاتا ہے آئی پی کا مطلب خریدے گیے پروڈکٹ کا بزنس ویلو ہے ۔کمپنی سے سامان خریدنے کے لیے ممبر بننا شرط ہے ۔ ممبر بن جانے کے بعد کمپنی کا جو بھی پروڈکٹ خریدوں گا اس کا کمیشن مجھے جوڑنے والے سے لے کر اوپر کے لیبل والوں کو ملتارہے گا ۔ اب سوال یہ ہے کہ کمپنی میں دس ہزار پانچ سو روپیے لگا کر کمپنی کے پروڈکٹ خرید کر میں سی ڈی بنا اور اس خریداری کی چالیس آئی پی بنی جوکہ چار ہزار روپیے کے برابر ہے اور اس کا سارا کمیشن نو فیصد سے لے کر چھیالیس فیصد تک جوڑنے والے سے لے کر اوپر والوں کو ملا ۔ ان چالیس آئی پی کا کچھ بھی کمیشن مجھے نہیں ملا ۔آئندہ جو بھی پروڈکٹ خریدوں گا اس کا کمیشن جوڑنے والے سے لے کر اوپر والوں کو ہمیشہ ملتا رہے گا۔اس کمپنی میں آر ڈی، ڈی ڈی اور جی ڈی ڈی لیبل والوں کے نیچے لوگوں کی ایک بہت بڑی ٹیم ہوتی ہے ، نیچے کے لوگ ایک دوسرے کے ذریعہ جڑے ہیں۔اس ٹیم کے لوگ جب کمپنی کا کوئی پروڈکٹ خریدیں گے تو اس پروڈکٹ کی آئی پی کا کمیشن آر ڈی، ڈی ڈی اور جی ڈی ڈی کو، ان کے مر جانے کے بعد ان کے گھر والوں کو سات پیڑھی تک ملتا رہے گا اور یہ لوگ( اونچے لیبل والے ) گھر بیٹھے بیٹھے ہزاروں روپیے کماتے رہیں گے کیونکہ کمپنی کا نعرہ یھی ہے کہ صرف ایک بار محنت اور باربار پیسہ ۔ کیا اس نیچے کے لوگوں کے ذریعہ خریدے گیے پروڈکٹ کا کمیشن جوڑنے والے سے لے کر اوپر کے لیبل والوں ملنا شریعت اسلامیہ کے اصول و ضوابط کے مطابق حلال کمائی ہے یا حرام کمائی؟ تفصیلی جواب مع وجوہات عنایت فرماکر ناچیز کو شکریہ کا موقع عطا فرمائیں۔جتنی جلد ممکن ہو سکے جواب ارسال کریں آپ کا ممنون ہوں گا۔

    جواب نمبر: 159530

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:822-75T/L=7/1439

    اگر آدمی خود براہِ راست کمپنی سے سامان خریدکر اس پر نفع لے کر اس کو آگے فروخت کرے تو اس میں مضائقہ نہیں ہے اسی طرح اگر وہ محنت کرکے کسی کو اس کمپنی سے جوڑدے تو اس پر اس کے لیے ایک مرتبہ اجرت مقرر کرکے لینے میں کوئی حرج نہیں ہے؛ البتہ کسی کو ایک مرتبہ کمپنی کا ممبر بنادینے کے بعد جب تک وہ کمپنی کا سامان خریدتا رہے اس کا کچھ فیصد لیتے رہنا حتی کہ اگر وہ کسی کو ممبر بنائے تو اس کی خریداری پر بھی کچھ فیصد لینا یہ اصول اجارہ کے خلاف اور ناجائز ہے؛ اس لیے اس طور پر نفع کمانے سے احتراز ضروری ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند