• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 159262

    عنوان: خدا کے نزدیک انسان اور کعبہ میں کس کی حیثیت زیادہ ہے؟

    سوال: حضرت، میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ خدا کے نزدیک انسان اور کعبہ میں کس کی حیثیت زیادہ ہے؟ اگر کوئی حدیث ہے تو واضح کردیں۔

    جواب نمبر: 159262

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:675-712/sd=7/1439

    ایک حدیث میں حضرت عبد اللہ ابن عباس رضی اللہ عنہما روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کعبہ کو دیکھ کر ارشاد فرمایا : اے کعبہ ! تو کس قدر پاکیزہ ہے ، تیری خوشبو کس قدر عمدہ ہے اور تو کتنا زیادہ قابل احترام ہے ؛ ( لیکن ) مومن کی عزت و احترام تجھ سے زیادہ ہے ، اللہ تعالی نے تجھ کو قابل احترام بنایا ہے اور( اسی طرح ) مومن کے مال، خون اور عزت کو بھی قابل احترام بنایا ہے اور اسی احترام کی وجہ سے اس بات کو بھی حرام قرار دیا ہے کہ ہم مومن کے بارے میں ذرا بھی بد گمانی کریں۔یہ حدیث طبرانی میں مرفوعا نقل کی گئی ہے اور ترمذی میں موقوفا روایت کی گئی ہے ، اس سے معلوم ہوا کہ اللہ جل شانہ کے نزدیک کعبہ اور مومن دونوں کی حیثیت و عزت ہے ؛ البتہ مومن کی عزت و احترام زیادہ ہے۔

    عن ابن عباس رضی اللہ عنہما، قال: نظر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم إلی الکعبة فقال: لا إلہ إلا اللہ ما أطیبک، وأطیب ریحک، وأعظم حرمتک، والموٴمن أعظم حرمة منک، إن اللہ عز وجل جعلک حراما، وحرم من الموٴمن مالہ ودمہ وعرضہ، وأن نظن بہ ظنا سیئا۔ ( المعجم الکبیر للطبرانی : ۱۰۹۶۶) نظر ابن عمر یوما إلی البیت أو إلی الکعبة فقال: ما أعظمک وأعظم حرمتک، والموٴمن أعظم حرمة عند اللہ منک ۔ ( الترمذی ، رقم : ۳۰۳۲ ) 


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند