• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 157656

    عنوان: ’’اگر میں نے اب یہ گناہ كیا تو میں كافر ہوں‘‘ كہنے كا حكم؟

    سوال: سر میں ایک گناہ کا عادی تھا۔میں نے اس گناہ سے جان چھڑانے کے لیے ایک دن یہ کہا کہ یا اللہ! اگر میں نے اب یہ گناہ کیا تو میں کافر ہوں اور مجھے جہنم میں ڈال دینا اور میری توبہ بھی قبول نہ کرنا۔ اب میں وہ گناہ دوبارہ کر بیٹھا ہوں۔ مجھے معلوم ہے یہ ایک بہت سنگین صورت حال ہے ۔ پلیز مجھے کوئی حل بتا دیں میں بہت پریشان ہوں۔

    جواب نمبر: 157656

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:448-383/sn=5/1439

     

    (۱) آپ کو اس طرح عہد نہ کرنا چاہیے تھا؛ باقی شیطان کے بہکاوے میں آکر اگر آپ نے وہ گناہ کرڈالا ہے تو اس کی وجہ سے آپ کافر نہ ہوں گے؛ لیکن چونکہ حسب تصریح فقہاء اس طرح کے عہد سے شرعاً قسم منعقد ہوجاتی ہے؛ اس لیے قسم کا کفارہ ادا کرنا ضروری ہوگا، وہ یہ کہ دس مسکینوں کو صبح شام دو وقت پیٹ بھر کر کھانا کھلادیں یا پھر دس مسکینوں کو پہننے کے کپڑے دیدیں (یا صدقہٴ فطر کے بہ قدر غلہ یا اس کی قیمت ہرمسکین کو دیں۔ن)، اگر ان میں سے کسی کی بھی استطاعت نہ ہو تو تین روز مسلسل روزے رکھیں۔ درمختار میں ہے: إن فعل کذا فہو ․․․ کافر فیکفّر بحنثہ لو في المستقبل․․․ واختلف فی کفرہ والأصح إن الحالف لم یکفر إلخ (درمختار مع الشامي: ۴۹۰/ ۵، ط: زکریا)

    (۲) آپ اللہ تعالیٰ سے توبہ واستغفار بھی کریں اور آئندہ گناہ کے قریب بھی نہ جائیں، بہتر ہے کہ قریب کے کسی متبع سنت شیخ سے اپنا اصلاحی تعلق قائم کرلیں اور وقتاً فوقتاً اپنے احوال بتلاکر ان کے حسب ہدایات اپنی اصلاح کرتے رہا کریں۔

    جواب صحیح ہے بہ شرطیکہ آپ نے قسم سمجھ کر ہی یہ جملے کہے ہوں۔ (ن)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند