• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 157599

    عنوان: ایک خواب میں میں نے دیکھا کہ ہمارے گھر میں کوئی تقریب ہو رہی تھی .....

    سوال: حضرت، میری والدہ کا تین سال پہلے بیماری کی حالت میں انتقال ہوگیا۔ میں نے ان کو خواب میں کئی بار دیکھا تھا۔ میں نے تین خواب دیکھے ہیں، آپ سے ادباً گذارش ہے کہ اس کی تعبیر تبائیں۔ (۱) ایک خواب میں میں نے دیکھا کہ ہمارے گھر میں کوئی تقریب ہو رہی تھی اور والدہ ہمارے ساتھ ہیں، خواب کے شروع میں میں دیکھا کہ وہ بہت خوش تھیں پر اخیر میں وہ کچھ دکھی نظر آئیں اور میری آنکھ کھل گئی۔ (۲) ذی الحجہ کے مہینہ میں میں نے دو مرتبہ خواب دیکھا، دونوں دفعہ میری والدہ ہمارے ساتھ تھیں۔ ایک خواب میں دیکھا کہ میں نے گائے ذبح کی ہے اور ہم لوگ انتظار کر رہے ہیں کہ کوئی آئے اور اس کی کھال نکالے اور ساتھ میں خوف بھی تھا کیونکہ انڈیا میں گائے ذبح کرنے پر پابندی تھی۔ دوسرا خواب اسی طرح کا تھا لیکن اس میں میں تین جانور ذبح کر رہا تھا اور وہ گائے اور اونٹ تھے۔ (۳) والدہ کے انتقال کے بعد ہر سالانہ چھٹی میں میں ان کی قبر کی زیارت کے لیے جایا کرتا تھا لیکن اس دفعہ ذی الحجہ کی چھٹی میں مجھے موقع نہیں ملا اور میں قبرستان نہیں جا پایا، کچھ دنوں بعد میں نے خواب میں دیکھا کہ میں سعودی واپسی کے لیے ایئرپورٹ جارہا تھا اور میرے دل میں رنج جیسی کیفیت تھی کہ میں نے آتے ہوئے والدہ سے ملاقات نہیں کی، اتنے میں مجھے یاد آیا کہ کچھ ڈاکومنٹس (دستاویزات) بھول گیا ہوں، تو واپس گھر گیا، والدہ گھرمیں تھیں اور ان سے وہاں ملاقات ہوئی۔

    جواب نمبر: 157599

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:477-390/B=4/1439

    ان تینوں خوابوں کی تعبیر کا ماحصل یہ ہے کہ آپ اپنی والدہ مرحومہ کے ایصالِ ثواب میں کوتاہی کررہے ہیں آپ ہرروز ان کے لیے ایصالِ ثواب اور دعائے مغفرت کرتے رہیں، اور بقرعید کے موقعہ پر ان کے نام سے نفلی قربانی کردیا کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند