• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 153693

    عنوان: والدہ کے متعلق خواب میں دیکھا کہ ان کا انتقال ہو گیا ہے اور اس کی وجہ سے مجھے ایسا افسوس اور رنج ہوا کہ بیان سے بالا تر ہے

    سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین وشرع متین صورت مسئولہ کے بارے میں میں نے کئی راتیں مسلسل اپنی والدہ کے متعلق خواب میں دیکھا کہ ان کا انتقال ہو گیا ہے اور اس کی وجہ سے مجھے ایسا افسوس اور رنج ہوا کہ بیان سے بالا تر ہے ۔ اب میں والدہ کے بارے میں بے حد بے چین ہوں۔ ایک بار دیکھا کہ ان کا جنازہ تیار ہے مگر لوگ جنازہ آگے رکھنے کے بجائے پیچھے بلندی پر رکھے ہوئے ہیں اور میں ان جنازہ پڑھنے والوں میں شامل نہیں بلکہ ان کے پیچھے دور سے سب کچھ دیکھ رہا ہوں کہ اچانک میری والدہ کی جنازہ کی چارپائی اس بلند مقام سے گرنے کے لئے جھکی کہ میں نے جلدی سے وہاں پہنچ کر اس کے پائے کو تھام لیا اور گرنے سے بچالیا ، جنازہ کے لئے جمع سارے لوگ متوجہ ہوگئے اور مجھے اور جنازہ کو حیرت کی نگاہ سے دیکھنے لگے ۔ واضح ہو کہ یہ خواب میں نے اپنے سے مقام سے دور رہتے ہوئے ممبئی میں دیکھا ہے ۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر سے مطلع فرمائیں اور ہنمائی فرمائیں کہ جواب کے مطابق مجھے کیا کرنا چاہئے ۔ اللہ رب العزت آپ کو بے انتہا اجر عطافرمائے ۔

    جواب نمبر: 153693

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 1317-1280/N=12/1438

    آپ کے خواب کی واضح او ر حتمی تعبیر کے لیے آپ اور آپ کی والدہ کے ضروری احوال سے واقفیت ضروری ہے، اس کے بغیر حتمی تعبیر مشکل ہے؛ البتہ آپ اپنے لیے اور اپنی والدہ کے لیے زیادہ سے زیادہ صلاح وفلاح کی دعا کریں اور اعمال صالحہ کی انجام دہی اور گناہوں سے بچنے میں اگر کوتاہی ہورہی ہو تو پہلی فرصت میں کوتاہی کا سلسلہ بند کرنے کی کوشش کریں، اللہ تعالی ہمیں،آپ کو اور آپ کی والدہ کو؛ بلکہ ہر مسلمان کو کامل صلاح وفلاح عطا فرمائیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند