• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 151699

    عنوان: ازدواجی تعلقات قائم نہ ہونے کی بنا پر نکاح از خود ختم نہیں ہوتا

    سوال: ایک مسئلے پر فتوی درکار ہے اور چند خوابوں کی تعبیریں بیان فرما دی جائیں تو نوازش ہو گی’ خوابوں کا تعلق بھی اسی مسئلے سے ہے ۔میری شادی کو 9 ماہ ہو چکے ہیں، چند وجوہات کی بنائپر باوجود کوشش کے اہلیہ سے ازدواجی تعلقات قائم نہیں کر سکا، جسمانی طور پر بھی الحمد اللہ صحت مند ہوں اس کے باوجود بھی علاج کروایا۔ نہ معلوم کیا وجہ ہے کہ اہلیہ کے قریب جاتے ہی گھبراہٹ ہوتی ہے اور خود کو نامکمل پاتا ہوں۔ ایک محترم عالم سے مسئلہ بیان کیا تو انہوں نے نظربد کا بتایا ہے ۔ اہلیہ اور میں ایک دوسرے سے ماشائاللہ بہت محبت کرتے ہیں لیکن اس مسئلے پر شدید پریشانی ہے ۔ سوال: برائے مہربانی یہ فرما دیں کہ اہلیہ سے ازدواجی تعلقات قائم نہ ہونے پر خدانخواستہ نکاح باطل تو نہیں ہوجاتا؟ میں نے خواب دیکھا کہ گھر کی چھت پر میری اہلیہ اورچھوٹی بہن ہیں، اور شدید بجلی چمک رہی ہے ، چھت کا دروازہ بند ہے ، میں ان سے کہتا ہوں نیچے آجا خدانخواستہ بجلی نہ گر جائے ۔ پھر میں پہلے اہلیہ پھر بہن کو دیوار ٹاپ کر نیچے لے آتا ہوں، نیچے صحن میں بھی بجلی چمک رہی ہے ، میں انہیں کہتا ہوں سائیڈ پر ہو جا۔ میری اہلیہ کا نام مہوش اور بہن کا نام جویریہ ہے ۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میری اہلیہ کی زچگی کے بعد بچہ پیدا ہوتا ہے ، اس وقت میری اہلیہ کے پاس میرے علاوہ کوئی نہیں، میں اپنی والدہ سے کہتا ہوں کہ دیکھیں بچہ ہوا ہے ، والدہ کہتی ہیں کہ اچھا میں دیکھتی ہوں، پھر خواب ختم ہو جاتا ہے ۔ میر اہلیہ نے خواب میں ہمیں ازدواجی تعلقات قائم کرتے دیکھا اور اکثر پھل وغیرہ خواب میں دکھائی دیے ۔ میری ساس اور والدہ نے بھی میری اہلیہ کے ہاں ماشائاللہ خوبصورت اولاد ہوتے دیکھی ہے ۔ ساس نے ایک خوبصورت بچہ دیکھا اور کہا یہ مجھے نانی کہے گا۔ برائے مہربانی میرا اصلی نام شائع نہ کریں۔

    جواب نمبر: 151699

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 1108-1091/M=9/1438

    (۱) اہلیہ کے ساتھ ازدواجی تعلقات قائم نہ ہونے کی بنا پر نکاح از خود ختم نہیں ہوتا، آپ اطمینان رکھیں نکاح بدستور قائم ہے، اگر نظر بد کا مسئلہ واقعی ہو تو کسی اچھے عامل سے نظر اتروالیں نیز کسی اچھے حکیم وطبیب سے مزید تشفی بخش جسمانی علاج بھی کرالیں، اللہ آپ کو صحت وطاقت عطا کرے۔ (آمین)

    (۲) خواب اچھا ہے اور اس میں مثبت اشارہ موجود ہے توقع ہے کہ آئندہ پریشانی دور ہوگی اور خوشی نصیب ہوگی، دعا کا اہتمام کریں، جائز علاج ومعالجہ بھی کرتے رہیں اور تقدیر کے فیصلے پر راضی رہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند