• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 151378

    عنوان: خواب کچھ اس طرح سے ہیں۔ ۱۔ میں، والد صاحب اور چچا صاحب حرم میں بیٹھیں ہیں

    سوال: سوال: میں نے تقریباً دو سال پہلے یہ خواب دیکھا تھا۔ اس وقت تعبیرات معلوم کرنے کا شوق نہیں تھا۔ میرے والد صاحب، میرے چچا صاحب اور میرا حضرت مولانا شاہ ابرارالحق صاحب(رح) کے مجازِ بیعت حضرت اقدس مفتی سعید احمد صاحب دامت برکاتہم کی خدمت میں اصلاح کی غرض سے تقریباً دو سال سے جانا ہے ۔ اس سے پہلے ہم سب کا تعلق شیخ الحدیث حضرت مولانا زکریا صاحب(رح) کے خلیفہ حضرت مولانا محمد شفیق خان صاحب(رح) سے تھا۔ اور چچا صاحب حضرت مولانا شفیق خان صاحب(رح) کے مجاز بھی ہیں۔ خواب کچھ اس طرح سے ہیں۔ ۱۔ میں، والد صاحب اور چچا صاحب حرم میں بیٹھیں ہیں۔ حضرت مفتی سعید صاحب دامت برکاتہم کسی شخص کو کچھ اشارہ کرتے ہیں۔ وہ آدمی ہمارے پاس آکر ہمیں کعبہ کے اندرلے جاتا ہے ۔ اندر جانے کے بعد کعبہ چار دیواری میں محسوس نہیں ہوتا بلکہ ایک مسجد کی طرح لگتا ہے جو بڑی ہے اور اس میں کمرے بھی ہیں۔ لیکن مجھے خواب میں یہ محسوس ہوتا ہے کہ میں کعبہ میں ہوں۔ اور اندر بہت سے لوگ عبادت میں مشغول ہیں، قرآن کی تلاوت اور نماز میں۔ اتنے میں میرے والد صاحب کہیں نظر نہی آتے ۔ میں ان کی تلاش میں کعبہ کے اندر ہی دوسرے کمروں میں تلاش کرتا ہوں۔ اتنے میں میں ایک کھڑکی کے قریب پہنچتا ہوں تو وہاں سے مجھے موسیقی کی آواز آئی اور میرا خواب ختم ہو گیا۔ ۲۔ میرے چچا صاحب جن کا اوپر ذکر ہے ، انہیں کار چلانا نہیں آتا۔ اس خواب میں وہ بڑی تیزی سے کار چلا رہے ہیں اور ہماری منزل حضرت مفتی سعید صاحب دامت برکاتہم کی خدمت میں پہنچنا ہے ۔ میں کار میں میرے چچا کے بازو والی سیٹ پر بیٹھا ہوں۔ اتنے میں میرے سامنے سے مکوڑے نکل آتے ہیں۔ وہ دکھنے میں تو مکوڑے ہیں لیکن مجھے ان سے ڈر اس طرح لگا کہ وہ بِچّھو ہیں۔ اس لئے میں انھیں مارنے لگا۔ لیکن وہ بڑی تعداد میں نکل آرہے تھے اور میرے چچا انہیں دیکھ رہے تھے ، لیکن کچھ نہیں کر رہے تھے ۔ آخر میں ایک مکوڑا میرے ہاتھ سے ہوکر میری گردن پر پہنچ کر مجھے کاٹتا ہے اور میں خواب میں اس کے کاٹنے سے مرجاتا ہوں۔ اور خواب ختم ہو جاتا ہے ۔

    جواب نمبر: 151378

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 1104-1025/sn=9/1438

    (۱) خواب ماشاء اللہ اچھا ہے، بس مضبوطی سے احکامِ شرعیہ پر عمل کرتے رہیں، ان شاء اللہ سعادتِ دارین حاصل ہوگی، اس خواب کے اخیر میں آج کل کی واقعی صورت حال کی طرف اشارہ معلوم ہوتا ہے کہ معاشرے میں گانے، موسیقی اور دیگر منکراتا عام ہورہے ہیں، حتی کہ لوگ مقدس مقامات پر بھی ان گناہوں کے ارتکاب سے نہیں چوکتے۔ پس اگر اس طرح کی منکرات کو مٹانے کی کوشش کرتے رہیں تو ان شاء اللہ آپ کو بڑا اجر ملے گا اور ایک دینی فریضہ ادا ہوگا۔

    (۲) یہ خواب بھی اچھا ہے بس آپ تھوڑا محتاط رہیں، نیز صبح وشام کی مسنون دعائیں ضرور پڑھ لیا کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند