• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 151050

    عنوان: میں نے کل ایک خواب دیکھا جس کے متعلق میں پوچھنا چاہتا ہوں

    سوال: میں نے دیکھا کہ میں اور میرے بڑے بھائی شام کو نماز پڑھ کر واپس آتے ہیں، ہم نے دیکھا کہ آسمان میں تین سطریں لکھی ہیں ایک میں کلمہ لکھا ہوا ہے جسے بالکل صاف صاف پڑھا جاسکتا تھا، اور ہم نے پڑھا اور موبائل سے فوٹو لیا،اور حیرت اور خوشی کے ساتھ اندر گئے اور فوٹو دیکھنے لگے جس میں تین فوٹو تھے، ایک تو وہی کلمہ جو ہم نے دیکھا دوسری میں کچھ لکھا تھا جو میں صاف نہیں پڑھ پا رہا تھا مگر مجھے اتنا سمجھ میں آیا اور مجھے پوری طرح یاد ہے کہ اس میں امام مہدی کے متعلق لکھا تھا، اور تیسری میں جس میں ایک بڑا کالا دھبہ ہے جس پر دجال لکھا تھا اور اس کے چاروں طرف کچھ لکھا تھا اور وہ فوٹو خود بخود غائب ہو گئے، میں نے سوچاکہ میں جاکر دیکھتا ہوں شاید ابھی بھی لکھا ہو تو میں چھت پر دیکھنے کے لیے گیا، میں نے دیکھا کہ اب پورے آسمان میں تاروں کی لڑیوں سے محمد لکھا ہے اور پورا آسمان اسی محمد نام سے سجا ہے اور کچھ سطریں عربی میں لکھی ہیں میں نے پڑھنا شروع کیا میں صرف دو تین حروف ہی پڑھ پایا اور نیند کھل گئی وہ حروف ہیں ”قل ارسلنا“۔ خواب کی کیا تعبیر ہے؟

    جواب نمبر: 151050

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 744-603/D=8/1438

    مبارک خواب میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے سارے عالم کے واسطے رسول اور ذریعہ ہدایت ہونے کی طرف اشارہ ہے، مسلم غیرمسلم سب ہی کو مکمل ہدایت اور کامیابی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے نقش قدم پر چلنے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی لائی ہوئی باتوں پر ایمان لانے سے ہوگی۔

    آپ صلی اللہ علیہ وسلم آخری نبی ہیں، قرب قیامت میں حضرت مہدی کا ظہور پھر دجّال کا خروج ہوگا۔ جس کا وقت قریب سے قریب تر ہوتا جارہا ہے، اس لیے ایمان پر استقامت اور اعمال پر مداومت کی سخت ضرورت ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند