• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 149720

    عنوان: مسجد میں جوتے چپل وغیرہ بدل جائیں تو

    سوال: میں تین دن کی جماعت میں گیا تھا وہاں ایک مقامی میرا جوتا بدل کر لے گئے، پھر واپس آکر شام کو کہا کہ میں آپ کا جوتا لے گیا تھا، میں نے کہا کوئی بات نہیں، آپ شام کو میرا جوتا لے آئیے، میں نے ان کا پورے دن انتظار کرتا رہا لیکن وہ نہیں آئے۔ میں اگلے دن جماعت سے واپس بھی آگیا، میں نے موٴذن صاحب کو اپنا موبائل نمبر دیا اور کہا کہ اگر وہ صاحب آئیں تو اس نمبر پر رابطہ کرلینا، میں آجاوٴں گا، لیکن ان صاحب نے کوئی رابطہ نہیں کیا اور میں اس جوتے کو استعمال کرتا رہا، لیکن ایک دن کوئی میرا یہ جوتا مرکز سے چرا کر لے گیا، ان صاحب کا یہ جوتا میرے جوتے سے کچھ بہتر کوائلٹی (عمدہ)کا تھا، لہٰذا مفتی صاحب بتائیں کہ میرے لیے اب کیا حکم ہے؟

    جواب نمبر: 149720

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 789-697/H=7/1438

    دونوں جوڑی جوتوں کی قیمتِ موجودہ کا اندازہ لگالیں، پھر کوالٹی عمدہ ہونے کے لحاظ سے ان کے جوتہ کی قیمت آپ کے جوتہ کے مقابلہ میں جو کچھ زائد بیٹھے اتنی قیمت کی رقم غرباء فقراء مساکین محتاجوں کو دیدیں اور نیت یہ کرلیں کہ اس کا ثواب اللہ پاک جوتہ کے مالک کو پہنچادے۔

    -------------------------

    جواب درست ہے اگر مالک کا پتہ چل جائے تو اس کو پوری صورت حال بتلادیں اگر وہ اس پر راضی ہوجائے تو فبہا ورنہ اس کو رقم واپس کردیں۔ (ل)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند