• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 147941

    عنوان: پڑھائی میں دل نہیں لگتا اس کے لئے بھی آسان وظیفہ بتائیں

    سوال: حضرت میں سندھ کے شہر لاڑکانہ سے ہوں، میرے کچھ مسائل ہیں آپ آسان سے وظائف عنایت فرمائیں۔۱ میرا ذہن بہت کمزور ہے اس کے لئے کوئی آسان وظیفہ بتائیں۔ ۲ )پڑھائی میں دل نہیں لگتا اس کے لئے بھی آسان وظیفہ بتائیں۔ ۳) اور ایک مسئلہ بھی پوچھنا تھا وہ یہ ہے کہ میں نماز کے مسائل سے کافی حد تک واقف ہوں تو اگر مجبوری میں اپنی جماعت کرنی پڑے تو میں امام بن سکتا ہوں جبکہ میں اکسر پینٹ شرٹ پہنتا ہوں اور داڑھی بھی بالکل چھوٹی رکھتا ہوں اور اگر کوئی مجھ سے کہے کہ تم امام بن جاؤ پر وہاں ایک ایسا شخص بھی ہو جو کہ سنت والے لباس میں ہو اور اس کی داڑھی بھی مجھ سے بڑی ہو لیکن وہ نماز کہ جو عام مسائل ہیں ان سے زیادہ واقف نہ ہو تو کیا میں اس شخص کو امامت دے سکتا ہوں سنت والے لباس اور داڑھی کی وجہ سے ۴ ) آخر میں آپ سے دعا کی درخواست ہے ۔

    جواب نمبر: 147941

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 375-566/sd=6/1438

    (۱) ذہن کی پختگی کے لیے روزآنہ فجر کی نماز کے بعد ۲۰مرتبہ یہ کلمات پڑھیں :رَبِّ اشرَح لِی صَدرِی وَ یَسِّر لِی أمرِی وحلُل عُقدَةً مِن لِسانِی یَفقَہوا قَولیِ( اعمال قرآنی ، ص: ۳۱)

    (۲) اس کے لیے ہر نماز کے بعد تین مرتبہ سورہ الم نشرح پڑھ کر سینے پر دم کر لیا کیجیے ۔

    (۳) اگر باشرع شخص بقدر ضرورت طہارت اور نماز کے مسائل سے واقف ہے اور اتنا قرآن صحیح پڑھنا جانتا ہے ، جس سے نماز صحیح ہوجاتی ہے ، تو اسی کو امام بنانا چاہیے ، و رنہ آپ کے بھی امام بننے کی گنجائش ہے ۔ واضح رہے کہ ایک مشت سے کم ڈاڑھی کٹوانا سخت گناہ ہے ، آپ کو خود باشرع اور سنتی لباس پہننے کی فکر ہونی چاہیے ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند