• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 147021

    عنوان: خواب میں كسی كی مدد كرنا؟

    سوال: میں نے خواب میں کسی کی پتا نہیں کیا لیکن کچھ مدد کی، اور جس کی مدد کی اس نے سفید کپڑے پہنے ہیں اور ان کو داڑھی بھی ہے او روہ بوڑھے ہیں، لیکن جب میں نے مدد کی تو میرے بڑے بھائی غصہ ہوگئے تھے، مدد کے بعد وہ بوڑھے آدمی اپنے گھر کی چھت پر گئے او رمجھے آواز لگا کر کہا کہ تونے میری مدد کی تھی، لے اب تو پیارے نبی کا دیدار کرلے، ان کی یہ بات سن کر میری امی نے بھی بڑے بھائی سے کہا کہ تونے اس کی مدد کرنے پر غصہ ہو رہا تھا، دیکھ اب وہ اس کو نبی کا دیدار کرا رہا ہے ، پھر اچانک میری آنکھوں کے سامنے ایک دروازہ سا کھلا، اور دروازہ کے اس طرف کچھ لوگ چلے جارہے ہیں، مجھے خود بخود احساس ہونے لگا کہ انہیں میں کوئی پیارے نبی ہیں اور دل کو تسلی بھی ہو گئی کہ میں نے نبی کا دیدار کر لیا، اور میں نے خواب میں ہی سوچا کہ پیارے نبی ہیں تو اللہ سے کچھ مانگونگا تو قبول ہو جائے گا، پھر میں جلدی جلدی سوچنے لگا کہ کیا مانگوں، اور ڈر بھی تھا کہ کہیں اتنے میں سوچتے سوچتے دروازہ بند نہ ہو جائے، پھر میرے دماغ میں کچھ خواہش آئی او رجن کو میں نے صرف دل میں سوچا اور خود بخود ہی دل کو تسلی ہوتی چلی گئی، ایسا لگا کہ جیسے کوئی دل میں آکر کہہ رہا ہو کہ ہاں چل تیری یہ خواہش بھی پوری ہو جائے گی او ریہ تمنا بھی پوری ہو جائے گی او ریہ کام بھی ہو جائے گا، اور پھر وہ دروازہ بند ہو گیا۔ برائے مہربانی اس خواب کی تعبیر بتائیں اور یہ بھی بتائیں کہ کیا شیطان بھی خواب میں آکر اس طرح کے خواب دکھا سکتا ہے کہ لے پیار نبی کا دیدار کرلے۔ کیونکہ مجھ سے تو گناہ بھی ہوتے رہتے ہیں اور نماز بھی کبھی بھی نکل جاتی ہے، کبھی کبھی پانچوں وقت کی پوری نماز بھی نہیں پڑھ پاتا، اور جس دن کا یہ خواب ہے اس دن بھی رات میں فلم دیکھی تھی، لیکن ہاں! رات کو سونے سے پہلے میں سونے کی دعا اور درود شریف اور کلمہ پڑھنا نہیں بھولتا، یہ تو میں رات کو سونے سے پہلے ہمیشہ پڑھتا ہوں، اور خواب والی رات کو بھی پڑھ کر سویا تھا۔

    جواب نمبر: 147021

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 334-265/L=3/1438

     

    ماشاء اللہ خواب مبارک ہے یہ سب آپ کے اس عمل کی برکت ہے جو آپ سونے سے پہلے کرتے ہیں دل میں آپ علیہ السلام کا احساس ہونا اور پھر دل کا مطمئن ہو جانا یہ قوی علامت ہے کہ آپ کا خواب درست ہے شیطانی نہیں ہے ویسے بھی شیطان خواب میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی صورت اختیار نہیں کرسکتا یہ آپ علیہ السلام کی خصوصیت ہے آپ اگر گناہوں سے توبہ کرکے صوم وصلاة ذکر و تلاوت کی پابندی شروع کردیں تو ان شاء اللہ اس کے بہتر نتائج مرتب ہوں گے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند