• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 146647

    عنوان: میں نے خواب میں دیکھا کہ ایک نئی مسجد کی تعمیر ہوئی ہے اور اس میں جمعہ پڑھانے کے لیے ....

    سوال: میں ابھی عالم کا کورس کر رہا ہوں، برائے مہربانی ان خوابوں کی تعبیر بتائیں۔ (۱) میں نے خواب میں دیکھا کہ ایک نئی مسجد کی تعمیر ہوئی ہے اور اس میں جمعہ پڑھانے کے لیے ہمارے مدرسہ کے کچھ بڑے بچوں کو بلایا ہے ان میں مجھے بھی بھیجا، جب جمعہ کا وقت ہو گیا تو ایک بالکل لال کرتا پائجامہ اور عمامہ باندھے ایک شخص آیا اور بنا خطبہ کے جمعہ کی نماز پڑھانے کھڑا ہو گیا امام کی جگہ پر ، میں نے سب سے بہت منع کیا کہ خطبہ نہیں ہوا اس کو روکو مگر کوئی نہیں روکا او رنیت باندھ لی، میں نے نہیں باندھی اور میں اس کو دیکھتا رہا، جب اس نے سجدہ کرا تو الٹا سجدہ کرا جیسے وہیل پوز یوگا (wheel pose yoga) ۔ تبھی اللہ پاک کی طرف سے آواز آئی کہ اے میرے بندے انس! اس کو روکو یہ شیطان کا عمل ہے، تو فوراً میں نے اس کو روکا تو اس نے غصہ میں میرا گلہ دبا دیا، پھر میرے ساتھیوں نے مجھے بچایا او راس کو باہر نکالا، پھر بھی وہ باہر سے میرے بارے میں بولا کہ تم نے آج مجھے ناکام کردیا مگر میں پھر آوٴں گا۔ (۲) ہمارے گھر کے پاس ایک ایریا (علاقہ) ہے جس میں ۹۵/ فیصد غیر مسلم ہیں اور سب سے زیادہ گناہ اس علاقہ میں ہوتا ہے او روہیں پر بہت بڑا تالاب بھی ہے، میں نے خواب دیکھا کہ اس علاقہ سے قیامت آنا شروع ہوئی، زلزلہ او رآگ پانی کی طرح بہہ رہی ہے او رلوگ جل رہے ہیں اور وہیں پر میری بڑی بہن اور بڑے بھائی بھی ہیں اور اللہ سے بچنے کی دعا کر رہے ہیں، پھر اللہ کی طرف سے آواز آئی کہ بھاگو یہاں سے اور تالاب کے پاس جاوٴ، ہم لوگ بھاگتے ہوئے تالاب کے پاس گئے اور پانی میں جاکر کھڑے ہوگئے، اس آگ نے پورا شہر جلا دیا مگر ہم لوگ حفاظت میں رہے۔ (۳) ہمارے شہر میں ایک نقشبندی سلسلے کی خانقاہ ہے، میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اس خانقاہ میں گیا او رایک پیڑ کے نیچے بزرگ بیٹھے تھے انہوں نے مجھے دعائیں پڑھائی او رسب لوگ ہمیں دیکھ کر بہت خوش ہو رہے ہیں، میں نے یہ خواب کسی کو نہیں بتایا مگر پھر بھی اس خواب کے بعد بہت سے لوگوں نے مجھے کسی بزرگ کے ہاتھوں پر بیعت ہونے کی صلاح دی۔

    جواب نمبر: 146647

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 270-195/SN=3/1438

     

    (۱، ۲) دونوں خواب ماشاء اللہ اچھے ہیں، دین میں تصلب او رعمل میں پختگی کی طرف اس میں اشارہ معلوم ہوتا ہے، بس آپ استقامت کے ساتھ دین پر قائم رہیں، اساتذہ اور معتبر و مستند علماء کے مشورہ اور ان کی نگرانی میں عالم کورس کی تکمیل کریں، ان شاء اللہ آپ کے لیے بڑی سعادت ہوگی۔

    (۳) یہ بھی اچھا خواب ہے، اساتذہ کے مشورے سے آپ کسی متبع سنت شیخ سے اپنا اصلاحی تعلق قائم کرلیں، یہ آپ کے حق میں ان شاء اللہ اچھا ہوگا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند