• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 145828

    عنوان: کیا مولانا رشید احمد گنگوہی صاحب نے اپنی کتاب میں ایسا لکھا ہے... ؟

    سوال: کیا مولانا رشید احمد گنگوہی صاحب نے اپنی کتاب میں ایسا لکھا ہے کہ نبی محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) کے بعد دوسرا نبی آئے تو ان کے آخری نبی ہونے پر کوئی اثر نہیں ہوگا؟

    جواب نمبر: 145828

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 105-111/N=2/1438

     میرے علم کے مطابق امام ربانی حضرت مولانا رشید احمد گنگوہی رحمه الله  نے اپنی کسی کتاب میں یہ نہیں لکھا کہ ”نبی محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) کے بعد دوسرا نبی آئے تو ان کے آخری نبی ہونے پر کوئی اثر نہیں ہوگا“، اور اگر آپ نے حضرت مولانا گنگوہیرحمه الله  کی کسی کسی کتاب میں یہ بات پڑھی ہے تو کتاب کا نام مع صفحہ نمبر وغیرہ تحریر کریں، اس پر انشاء اللہ غور کیا جائے گا؛ البتہ تمام مسلمانوں کا متفقہ عقیدہ ہے کہ حضرت عیسی علی نبینا وعلیہ الصلاة والسلام کو اللہ تعالی نے زندہ آسمان پر اٹھالیا تھا اور وہ بحکم خداوندی قرب قیامت میں آسمان سے نزول فرمائیں گے ؛ لیکن ان کا نزول اپنے حق میں یا دوسروں کے حق میں بہ حیثیت نبی نہیں ہوگا، وہ نزول کے بعد اپنی سابقہ شریعت پر نہ خود عمل فرمائیں گے اور نہ دوسروں کو اس پر عمل کی دعوت یا ترغیب دیں گے؛ بلکہ خود بھی حضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شریعت پر عمل فرمائیں گے اور اسی کے مطابق لوگوں کے فیصلے اور ان کی دینی رہنمائی فرمائیں گے ؛ اس لیے حضرت عیسی علی نبینا وعلیہ الصلاة والسلام کا قرب قیامت میں آسمان سے نزول فرماکر دنیا میں تشریف لانا حضور صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کے آخری نبی ہونے پر کچھ بھی اثر انداز نہیں ہوگا۔ وأما نزول عیسی علیہ السلام ومتابعتہ لشریعتہ فھو مما یوٴکد کونہ خاتم النبیین (الدواني علی العقائد العضدیة، ص ۹۷بحوالہ:توضیح المرام في نزول المسیح،موٴلفہ:مولانا سرفراز خاں صفدررحمه الله ،ص ۳۱)۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند