• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 1323

    عنوان:

    خواب میں دیکھا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم وضو خانہ سے وضو کرکے بیگ اٹھا کر کاندھے پر ڈال کر چل دیے ...

    سوال:

    مجھے خواب کی تعبیر پوچھنی ہے۔ ایک سال پہلے کی بات ہے ، میں نے رات کو تقریباً چار بجے خواب میں دیکھا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم وضو خانہ سے وضو کرکے بیگ اٹھا کر کاندھے پر ڈال کر چل دیے۔ میں ان کے ساتھ تھا۔ میں نے دیکھا کہ ہم (میں اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم ) طائف شہر میں ہیں، ہمارے پیچھے کچھ مسلمان سنت طریقے میں کھڑے ہیں ۔ ان میں سے ایک نبی صلی اللہ علیہ وسلم پاس آیا اور آپ کے دست مبارک پر بوسہ دیا۔ میں نے اس شخص سے کہا کہ تم لوگوں کو آخر نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو طائف میں مار کر اور ستا کر کیا ملا۔ یہ کہہ کر میں رونے لگا۔ پھر میں اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم طائف سے جانے لگے جیسے کہ اب ہماری روانگی ہے اس جگہ سے۔ چلتے چلتے کچھ بورڈ کی طرح تھا یا کچھ اونچائی تھی ، نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اس بورڈ کی طرف اشارہ کرکے مجھے بتایا کہ جب طائف والوں نے مجھے مارا تھا تب میرا خون اس بورڈ پر بھی اٹھا تھا۔ یہ سن کر میں ڈھاڑیں مار کر رونے لگا۔ میرا بایاں ہاتھ آپ کے دائیں ہاتھ میں تھا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے میرے بائیں ہاتھ کو دبایا (اطمینان دلانے کے لیے)۔ پھر ہم منزل کی طرف بڑھ رہے تھے۔ میں نے خواب میں یہ دیکھا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم لنگڑا کر چل رہے ہیں(شاید طائف کے سفر میں جو تکلیف ہوئی تھی اس کی وجہ سے ایسا تھا)۔ اس کے بعد میری آنکھیں ایک دم کھل گئیں۔

    نوٹ : میں نے یہ خواب ناپاکی کی حالت میں دیکھا تھا۔

    جواب نمبر: 1323

    بسم الله الرحمن الرحيم

    (فتوى:  1189/هـ = 1918/هـ)

     

    دین متین کی حفاظت و اشاعت میں جد و جہد کی جو سطح مطلوب ہے اس میں آپ سے اور دیگر افرادِ امت سے کوتاہی ہورہی ہے اور آپ پر حضرت نبی اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی خصوصی شفقت متوجہ ہے۔ ادائے حقوق اللہ وحقوق العباد کے ساتھ درود شریف کی کثرت کا اہتمام کرتے رہیں۔ ان شاء اللہ آپ کو بہت فائدہ ہوگا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند