• معاملات >> دیگر معاملات

    سوال نمبر: 611165

    عنوان:

    كئی بھائیوں كا اپنی فیملی كے ساتھ ایك مكان میں رہنا

    سوال:

    سوال : مشترکہ خاندانی نظام جوکہ ہندوستان کے اکثر دیہاتی علاقوں میں پایا جاتاہے۔جس میں ماں باپ کے ساتھ چند بھائی بہن مع اپنی بیوی اور بچوں کے اس طور پر رہتے کہ کھانا پینا اور بہت سے معاملات میں ایک دوسرے کے شریک اور معاون رہتے ہیں ۔دیکھنے میں آتا ہے کہ اس میں بہت ساری شرعی پابندیوں کو مجبوری کہ کر جواز کا درجہ دیا جاتا ہے ۔مثلا اکثر یہ نظام اسلامی پردہ سے بالکل خالی ہوتا ہے ۔اور دیکھنے میں یہ بھی آتا ہے کہ اس ماحول میں دیگر اخلاقی بیماریاں شدت اختیار کر جاتی ہیں ۔یہ خاندانی نظام اسلامی معاشرتی نظام کے قریب ہے یا یہ ہندوستانی کلچر میں کہیں اور سے آیا ہے۔براہ کرم اس معاشرتی نظام پر تفصیلا تحریر فرمائیں ۔اور صحیح اسلامی معاشرتی زندگی کیا ہے جو ایک انسان کو اختیار کرنی چاہیے براہ کرم اس کا ایک خاکہ تحریر فرمائیں ۔ اور کسی کتاب کی طرف رہنمائی فرمائیں ۔جو اسلامی معاشرتی نظام کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنےمیں معاون ہو۔جزاک الله خیرا

    جواب نمبر: 611165

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 1020-860/B=09/1443

     مشتركہ خاندانی نظام جو ہمارے یہاں دیہاتوں میں چل رہا ہے یہ اسلامی نظام كے خلاف ہے۔ كئی بھائی ایك ساتھ رہتے ہیں اور ان كی بیویاں بھی ساتھ رہتی ہیں اور ایك بھائی كی بیوی كا دوسرے بھائی سے پردہ نہیں رہتا‏، خاص كر دیور سے پردہ بالكل نہیں ہوتا۔ جب لڑكا بالغ ہوجائے اور اس كی شادی كردی جائے تو اس كے رہنے سہنے كا نظام علیحدہ كردینا چاہئے۔ اسی طرح دوسرا لڑكا جب بالغ ہوجائے اور اس كی شادی ہوجائے تو اس كے رہنے سہنے كا نظام بھی علیحدہ كرنا چاہئے‏، تاكہ پردہ باقی رہے۔ ہمارا موجودہ معاشرہ نظام اسلامی نقطہ نظر سے صحیح نہیں ہے اس كو بدلنے كی ضرورت ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند