• معاملات >> دیگر معاملات

    سوال نمبر: 59440

    عنوان: میں پچھلے مہینے اپنی بہن کی شادی کے لیے سعودی عرب سے ہندوستان آیا تھا ، لیکن والدین کی زیارت کی نیت کی تھی ، کیا میرا آنا اسراف میں شمار ہوگا؟

    سوال: (۱) میں پچھلے مہینے اپنی بہن کی شادی کے لیے سعودی عرب سے ہندوستان آیا تھا ، لیکن والدین کی زیارت کی نیت کی تھی ، کیا میرا آنا اسراف میں شمار ہوگا؟ (۲) سعودی میں بھی پردہ کے تعلق سے بہت ساری باتیں تھیں، اسی وجہ سے میں اور میری اہلیہ شادی کھانے سے بہت جلد نکل آیا ، اسی طرح ولیمہ میں بھی شریک نہیں ہوئے ، میرے والد صاحب بہت بیمار ہیں ، بستر پر ہیں ، ان کی خدمت کی نیت سے ولیمہ میں بھی شریک نہیں ہوا، اس بات سے ہمارے چند رشتہ دار ناراض ہیں ، میری اہلیہ پردہ کی بہت پابند ہے اور میں اس کی اس بات سے بہت خوش ہوں، اب اگر رشتہ ار ، خالہ ، ماموں وغیرہ ، کوئی ناراضگی کا اظہار کرے تو کیا کرنا چاہئے؟براہ کرم، جواب دے کر رہنمائی فرمائیں۔ مہربانی ہوگی۔ (۳) ہماری فیملی مشترکہ فیملی کی طرح رہتی ہے جہاں کوئی پردہ کا رواج نہیں ہے ، اب مجھے کیا کرنا چاہئے کہ میرے گھر میں بھی پردہ آجائے اور سب مجھ سے راضی ہوجائے ، (۴) دعا بھی کیجئے کہ مجھے اولاد ابھی تک نہیں ہوئی ہے۔

    جواب نمبر: 59440

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 681-689/N=8/1436-U (۱) جی نہیں! یہ اسراف میں شمار نہ ہوگا۔ (۲) ایسی صورت میں ان کی ناراضگی کی پروا نہ کرنی چاہئے اور اگر وہ لوگ کچھ برا بھلا کہیں تو صبر کرنا چاہیے۔ (۳) اچھے انداز سب کو پردہ کی تاکید کریں اور آپ خود بھی ان عورتوں اور لڑکیوں سے پردہ کا اہتمام کریں جن سے شرعاً پردہ ہے، ان شاء اللہ آہستہ آہستہ گھر میں پردہ کا ماحول ہوجائے گا۔ (۴) اللہ تعالیٰ آپ کو جلد از جلد نیک صالح اولاد عنایت فرمائیں۔ آمین


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند