• معاملات >> دیگر معاملات

    سوال نمبر: 56719

    عنوان: میری بچی ایک اسماعیلی اسکول میں آٹھویں کلاس میں پڑھتی تھی، میں نے اسکول کی پورے سال کی فیس ایڈوانس جمع کردی تھی ، اب فرسٹ سیمسٹر(سہ ماہی) کے امتحان سے پہلے میں نے بچی کو عالمہ بنانے کے ارادے سے اسکول سے نکال دیا، درخواست دینے کے بعد دو تین دنوں میں ایل سی تو مل گیا ، لیکن چھ مہینے کی ایڈوانس فیس دینے کے لیے اسکول ٹال مٹول کررہاہے۔

    سوال: میری بچی ایک اسماعیلی اسکول میں آٹھویں کلاس میں پڑھتی تھی، میں نے اسکول کی پورے سال کی فیس ایڈوانس جمع کردی تھی ، اب فرسٹ سیمسٹر(سہ ماہی) کے امتحان سے پہلے میں نے بچی کو عالمہ بنانے کے ارادے سے اسکول سے نکال دیا، درخواست دینے کے بعد دو تین دنوں میں ایل سی تو مل گیا ، لیکن چھ مہینے کی ایڈوانس فیس دینے کے لیے اسکول ٹال مٹول کررہاہے۔ اس طرح رقم روکنے کے بارے میں شریعت کیا کہتی ہے ، کیا ان ڈیڑھ سے دو مہینوں میں مجھے اس رقم کی وجہ سے جو جو تکلیف ہوئی اس کی کوئی پکڑ ، جزا و سزا کا معاملہ اللہ کے یہاں ہوگا؟کیا یہ رکی ہوئی رقم اگر اسکول کے کاموں میں استعمال ہوگی تو اس پر سود کا اطلاق ہوگا؟کیا اسکول کی اپنی مصلحت ، میٹنگ اس رقم کو اتنے دنوں تک روکنے کی اجازت دیتی ہے؟

    جواب نمبر: 56719

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 124-95/D=2/1436-U اگر اسکول والوں نے یہ واضح کردیا تھا کہ خواہ پورے سال بچہ پڑھے یا چند ماہ فیس بہرصورت پورے سال کی لی جائے گی، یا اس طرح کا رواج ہو کہ درمیان میں داخل ہونے والے یا درمیان میں اسکول سے چلے جانے والے سے پورے سال کی فیس لی جاتی ہو تب تو درمیان سال میں اسکول چھوڑدینے سے مابقی فیس واپس لینے کا حق نہیں ہے، اوراگر اسکول والوں نے نہ وضاحت کی ہو نہ ہی اس کا رواج ہو تو اسکول چھوڑنے پر جتنے ماہ باقی رہ گئے ہیں ان کی فیس واپس لینے کا حق ہے۔ جس صورت میں آپ کو فیس واپس لینے کا حق ہے اور مطالبہ کرنے پر اسکول والے نہیں دے رہے ہیں تو یہ ان کی طرف سے ظلم ہے، بلاوجہ ٹال مٹول کرنے کو حدیث میں ظلم کہا گیا ہے، مطل الغنی ظلم یعنی جسے حق واجب ادا کرنے کی وسعت ہو پھر بھی اس کا ٹال مٹول کرنا ظلم ہے۔ سود کے زمرہ میں داخل نہ ہوگا، البتہ ظلم وغصب کہلائے گا اور اگر اسکول انتظامی مصلحت کے تحت آپ کو کچھ انتظار کرنا پڑے تو صبر سے کام لیجئے جس پر آپ کو ثواب ملے گا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند