• معاملات >> دیگر معاملات

    سوال نمبر: 51099

    عنوان: ایجینٹ حضرات کا کسی کا کام کرانے کے عوض ان سے کچھ رقم لینا کیسا ہے ؟

    سوال: میں جب عمان میں تھا اس وقت مجھے میرے شیخ نے اپنے گھر پر کام کے لئے ایک شخص کو ویزا دینے کی بات کہی تھی، میں نے اپنے ایک دوست کو اس ویزا پر بلایا اور اس کے عوض میں نے ان سے کچھ رقم بھی لئے تھے ، کیا میرا ان سے اس ویزا کی فراہمی پر وہ رقم لینا جائز تھا؟ واضح ہو کہ شیخ نے مجھے ویزا دیتے وقت کوء شرط نھیں لگاء تھی اور اس کے لئے شیخ نے مجھ سے کچھ پیسہ بھی نہیں لیا تھا۔ ایجینٹ حضرات کا کسی کا کام کرانے کے عوض ان سے کچھ رقم لینا کیسا ہے ؟ شریعت مطہرہ کی روشنی میں مدلل وتشفی بخش جواب دے کر ممنون ومشکور ہوں۔

    جواب نمبر: 51099

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 423-344/D=4/1435-U ایجنٹ جو کہ ویزا حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے پھر اس ویزے پر بھیجنے کے لیے کسی کو تیار کرتا ہے اور بھیجنے کی کارروائی کی تکمیل کراتا ہے اس محنت کے عوض جس کو بھیج رہا ہے اس سے کچھ محنتانہ لیتا ہے اس طرح ایجنٹ کا حق المحنة کے طور پر کچھ رقم لینا جائز ہے، آپ نے اپنے بارے یں جو تفصیل لکھی اس سے یہ واضح نہیں ہوسکا کہ شیخ کے یہاں آپ کس کام کے لیے ملازم ہیں؟ ملازمت کی ذمہ داریوں سے الگ ویزا حاصل کرنے یا دوست کو بھیجنے کے سلسلہ میں آپ نے کوئی محنت یا ذاتی رقم اس کام میں خرچ کی ہے یا نہیں؟ اگر صرف اتنا ہی ہوا ہے کہ شیخ نے ویزا دیا اور آپ نے دوست کو بھیج دیا تو اس پر معاوضہ لینا بظاہر ٹھیک نہیں یا شیخ کے ملازم کی حیثیت سے آپ نے مفوضہ کام انجام دیا یعنی دوست کو بھیج دیا تو بھی یہی حکم ہے، یعنی ٹھیک نہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند