• معاملات >> دیگر معاملات

    سوال نمبر: 42884

    عنوان: دوستی کے تعلقات

    سوال: میرا ایک دوست ہے جو میرے سامنے ٹھیک رہتاہے اور جب مجھ سے کسی بات سے ناراض ہو جاتا ہے تو میری برائی لوگوں کیسامنے کھول کے رکھ دیتاہے تو کیا اس صورت میں ان سے علاحدگی اختیار کی جا سکتی ہے؟ اور شریعت میں اس پر کیا حکم ہے؟ کیوں کہ میں بہت تنگ آچکا ہوں اور وہ چھوٹی چھوٹی بات پہ ناراض ہوتا ہے اور بہت نادانی کرتا ہے ؟ اس میں اخلاق کا پہلو کس طرح ظاہر کرنا چاہئے ؟ مہربانی کر کے جواب مرحمت فرمائیں ۔ کوئی حقوق کی کتاب ہے تو تو بتائیں ۔

    جواب نمبر: 42884

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 59-59/M=2/1434 شریعت کی تعلیم یہ ہے کہ ”جو تمہارے ساتھ برا کرے تم اس کے ساتھ اچھا معاملہ کرو“ ”أحسن إلی من أساء إلیک“ (الحدیث)آپ کا دوست پیٹھ پیچھے آپ کی برائی کرکے اپنا ہی نقصان کررہا ہے، آپ کو ناراض ہونے کی قطعا ضرورت نہیں، اگر وہ برائی آپ کے اندر واقعی موجود ہے تو اپنی اصلاح کرنی چاہیے اور دوست سے علاحدگی اختیار کرنے کے بجائے اس کے ساتھ عمدہ اخلاق کا مظاہرہ کرناچاہیے، ہاں اگر زیادہ قُربت کی وجہ سے واجبی حقوق پامال ہوتے ہوں اور فائدہ کم اور نقصان زیادہ ہو تو ایسی صورت میں دوری رکھیں، آداب معاشرت، تحفة المسلمین، اور بہشتی زیور وغیرہ کتابوں کا مطالعہ کرسکتے ہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند