عنوان: خواب سے سلسلہ نسب كا ثبوت حاصل كرنا؟
سوال: میں نے اپنے آباوٴ اجداد اور قبیلہ جاننے کے لیے استخارہ کیا، جب بھی کیا، مجھے کوئی خواب نہیں آئے، پر میرے دل میں مضبوطی کے ساتھ قبیلہ قریش کا ایک خاندان بنو سعد، جم جاتا ہے، استخارہ سے پہلے میں اس قبیلہ کے بارے میں بہت نہیں جانتا تھا، لیکن بعد میں مطالعہ بہت کیا اور معلوم پڑا کہ فتوحات کرمان، مکران اور قیقعان (آج کا بلوچستان) میں قریش کا بنوسعد قبیلہ بھی شامل ہے، جیسے ہبری (habari) قبیلہ (جو قریش کا بنوسعد) ہے، وہ بھی آیا ہے۔ اور ہمارا تعلق بلوچستان سے ہے، آخری وقت میں میں نے دوبارہ کچھ دن استخارہ کیا اور ہمیشہ کی طرح یہی قبیلہ کا نام دل میں جما رہا، اُسی رات بعد نماز عشاء حضرت قاری عبدالرشید اجمیری دامت برکاتہم تشریف لائے اور بیان کے اندر میرے دل میں مزید گمان اور امید پیدا ہوئی کہ اِس اللہ کے مخلص بندے کے منہ سے جس شخص کا نام اور قبیلہ نکلے گا وہی ہمارے دادا پر دادا ہوں گے اور فوراً ان کے منہ سے تھوڑی دیر کے بعد نام نکلا (حضرت زبیر ابن عوام رضی اللہ عنہ) اور وہ بھی بات میرے دل میں جم گئی ہے، تو کیا یہ مکمل قصہ میرے استخارے کا جواب ہوا؟
ایک بار یہی استخارہ کا عمل میں نے ایک وسوسہ دور کرنے کے لیے کرا تھا۔ میں قادری ہجویری (hujveri) سلسلہ میں حضرت حکیم طارق محمود دامت برکاتہم سے بیعت ہوا، جو مولانا کلیم صدیقی دامت برکاتہم کے خلفاء بھی ہیں، میں نے رمضان میں استخارہ کیا (بیعت ہونے کے لیے چار پانچ مہینے کے بعد) میں نے رمضان میں خواب دیکھا کہ کسی شخص نے مجھ سے پوچھا، کیا تم بیعت ہو؟ میں گھبراکر شرمندہ ہوکے چپ رہا کہ کیا جواب دوں، اچانک اس شخص نے میرا ہاتھ پکڑا اور کہا چلو، میں چلنے لگا، وہ مجھے ایک بزرگ کے پاس لے گیا جو بیٹھے بیٹھے کچھ کام کر رہے تھے، دل میں خیال آیا کہ یہ حضرت پیر علی ہجویری رحمة اللہ علیہ ہیں اور دور ایک خوبصورت بزرگ بھی بیٹھے ہوئے تھے، دل میں خیال آیا وہ شیخ عبدالقادر جیلانی رحمة اللہ علیہ ہیں۔ اُس شخص نے حضرت پیر علی ہجویری رحمة اللہ علیہ سے کہا، یہ لڑکا حضرت حکیم طارق سے آپ کے سلسلہ میں بیعت ہے، انہوں نے کہا ”ہم میں“ ، اور خواب ٹوٹ گیا۔ لیکن یہ استخارہ میں نے اپنے آباوٴ اجداد کے لیے کیا تو خواب نہیں آیا پر اوپر والے معاملات وجود میں آئے۔
جواب نمبر: 14870401-Sep-2020 : تاریخ اشاعت
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa ID: 448-459/B=5/1438
سلسلہٴ نسب قطعی ویقینی ہے اس کے لیے ثبوت ودلائل بھی قطعی ویقینی ہونے چاہئیں۔ استخارہ میں جو چیز خواب میں آتی ہے وہ قطعی ویقینی نہیں ہوتی ہے اس لیے محض استخارہ کے ذریعہ اپنے آباء واجداد اور اپنے قبیلہ کا قطعی فیصلہ کرنا صحیح نہیں۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند