عبادات >> قسم و نذر
سوال نمبر: 607210
کسی چیز کو اپنے اوپر حرام کرلینے سے کیا وہ چیز حقیقت میں حرام ہوجاتی ہے؟
کسی شخص نے کہا کہ میں فلاں شخص کے گھر میں کھانا نہیں کھاؤں گا ،اگر کھاؤں گا تو میرے لئے کھانا حرام ہوگا ،مگر اس شخص نے اس کے گھر میں کھانا کھا لیا ، اسی طرح کسی شخص نے کہا کہ تیرے گھر میں کھانا کھانا میرے لئے حرام ہے ، اب اس شخص نے کھانا کھا لیا ، تو کیا اس شخص پر دونوں صورتوں میں قسم کا کفارہ لازم ہے ؟ جبکہ اس نے قسم کا لفظ استعمال نہیں کیا۔
جواب نمبر: 607210
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa:57-29/H-Mulhaqa=4/1443
کھانے پینے وغیرہ کی کوئی چیز حرام کرنے سے وہ چیز شرعاً حرام نہیں ہوتی؛ البتہ قسم ہوجاتی ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں قسم کا کفارہ واجب ہوتا ہے ( مدلل ومکمل اختری بہشتی زیور، ۳: ۵۲، قسم کھانے کا بیان، مسئلہ: ۸، مطبوعہ: کتب خانہ اختری متصل مظاہر علوم سہارن پور)، پس سوال میں ذکر کردہ دونوں صورتوں میں قسم ہوگئی اور جب اُس کی خلاف ورزی کی گئی تو کفارہ واجب ہوگیا۔
(ومن حرم) أي: علی نفسہ ……(شیئاً) ولو حراما أو ملک غیرہ ……(ثم فعلہ) بأکل أو نفقة ……(کفر) لیمینہ لما تقرر أن تحریم الحلال یمین (الدر المختار مع رد المحتار، کتاب الأیمان، ۵: ۵۰۸، ۵۰۹، ط: مکتبة زکریا دیوبند، ۱۱: ۲۹۹ - ۳۰۲، ت: الفرفور، ط: دمشق)۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند