• عبادات >> قسم و نذر

    سوال نمبر: 603283

    عنوان:

    بہت ساری قسموں کا کفارہ

    سوال:

    حضرت، میری عمر۲۱/سال ہے۔ میرا مسئلہ یہ ہے کہ میں نے ۱۲۰۰مرتبہ قسم توڑی ہوں گی ایک ہی گناہ کے واستے-میں ایک بار قسم کھاتا کہ یہ گناہ نہیں کروں گا پھر وہ گناہ ہو جاتا اور قسم ٹوٹ جاتی پھر دوبارہ قسم کھاتا کہ یہ گناہ نہیں کروں گا پھر وہ گناہ ہو جاتا اور پھر سے قسم ٹوٹ جاتی اس طرح ۱۲۰۰بار قسم ٹوٹی ہے۔قسم کا کفارہ تو پتا ہے مگر کھانا نہی کھلا سکتا کیوں کہ لاکھوں میں حساب بیٹھ رہا ہے اور اگر لگاتار روزے رکھوں تو ۱۱سال لگتے ہیں- میں ابھی کماتا نہیں ہوں براہ کرم،میری رہنمائی فرمائیں-

    جواب نمبر: 603283

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 329-355/M=06/1442

     اگر تمام قسموں کے کفارے میں دس دس فقیروں کو کھانا کھلانے یا کپڑا پہنانے کی استطاعت نہیں ہے تو جتنی قسموں کے کفارے میں اِس کی استطاعت ہے اتنی میں کھانا کھلانے یا کپڑے پہنانے کے ذریعہ ادا کرلیں اور بقیہ کے کفارے میں روزے رکھا کریں، ایک قسم کے کفارہ میں لگاتار تین روزے رکھنے ہیں پھر ناغہ کرسکتے ہیں اس کے بعد دوسری قسم کے کفارہ میں پھر لگاتار تین روزے رکھیں، پھر کچھ وقفہ کرسکتے ہیں، اس طریقے پر ادا کرتے رہیں، پھر جب کمانے لگیں اور فقراء کو کھانا کھلانے پر قدرت ہوجائے تو پھر اطعام طعام کے ذریعہ بقیہ کفارے پورے کرلیں اور اس کا خیال رکھیں کہ آئندہ مزید کوئی نیا کفارہ واجب نہ ہونے پائے یعنی گناہوں سے بچتے رہیں اور جو گناہ ہوچکا اس پر توبہ استغفار بھی کیا کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند