• عبادات >> قسم و نذر

    سوال نمبر: 2187

    عنوان:

    نذر مانی تھی کہ اگر میں کامیاب ہوگیا تو کورس مکمل ہونے تک شکرانہ نماز ادا کروں گا لیکن دوران کورس نہ کرسکا‏، اب مجھے کیا کرنا چاہیے؟

    سوال:

    میں نے منت مانی تھی کہ اگر میں کامیاب ہوگیا تو روز کورس مکمل ہونے تک ۶/ رکعات شکرانہ نماز پڑھوں گا، لیکن کچھ وجوہات اور کچھ لاپرواہی کی وجہ سے نہیں کرسکا، اب میں کیا کروں؟ کیا اب مجھے وہ تما م نمازیں ادا کرنا ضروری ہے؟ براہ کرم، تفصیلی جواب دیں۔

    جواب نمبر: 2187

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 690/ م= 685/ م

     

    نذر، صحیح اور منعقد ہونے کے بعد ناذر (نذر ماننے والے) ذمہ منذور (جس چیز کی نذر مانی گئی ہے) کی ادائیگی لازم ہوتی ہے، لقولہ تعالی: وَلْیُوْفُوْا نُذُوْرَھُمْ. صورتِ مسئولہ میں آپ کی نذر جس کامیابی پر معلق تھی جب وہ حاصل ہوگئی تو آپ کے ذمہ منذور یعنی کورس مکمل ہونے تک یومیہ چھ رکعت کی ادائیگی لازم ہوگئی، اگر دورانِ کورس آپ ان نمازوں کو ادا نہیں کرسکے تو اب بھی ان کی ادائیگی واجب ہے۔ اس لیے کہ نذر میں زمان ومکان وغیرہ کی تعیین لازم نہیں ہوتی، وقت مقررہ گذرنے کے بعد بھی منذور کی ادائیگی ہوسکتی ہے، پس صورتِ مذکورہ میں کورس مکمل ہونے تک کا جو زمانہ ہے اس کا حساب لگا کر یومیہ 6/ رکعت نمازوں کے اعتبار سے جتنی رکعات نمازیں ہوتی ہیں ان سب کو ادا کریں، ھٰکذا في کتب الفقہ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند