• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 8286

    عنوان:

    نکاح اور زنا کے درمیان کیا فرق ہے؟

    سوال:

    نکاح اور زنا کے درمیان کیا فرق ہے؟

    جواب نمبر: 8286

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1812=111/د

     

    توالد و تناسل کے ذریعہ نسل انسانی کے بقاء، انسانی زندگی میں انس ومحبت قائم رکھنے، خوش گوار ماحول میں نئے گھر کو آباد کرنے کے لیے عورت ومرد کے درمیان جنسی تعلق ضروری ہے، جنسی تعلق پاکیزہ اور قابل اعتمادطور پر قائم ہو اس کے لیے اسلام نے نکاح کا مخصوص طریقہ مقرر کیا ہے، نکاح (شادی) کے ذریعہ حاصل ہونے والا جنسی رشتہ مستحکم و پائیدار ہونے کے ساتھ معاشرہ میں عزت کی نظر سے دیکھا جاتا ہے، اسی لیے ہرمذہب، قوم، معاشرہ میں شادی کا اپنا اپنا طریقہ رائج ہے۔ اس کے برخلاف زنا کے ذریعہ جنسی تعلق قائم کرنا گندا ناپائیدار ہونے کے ساتھ صرف ہوس رانی اور حصول لذت کا بدترین طریقہ ہے، جسے اللہ تعالیٰ نے گندا برا اور گناہ کا راستہ بتلایا ہے، اور ہرمذہب، قوم، معاشرہ میں اسے بری نظر سے دیکھا جاتا ہے۔

    زنا سے مقصد صرف ہوس رانی، اور لذت جماع کی حصول یابی اورجوش محبت کی وقتی تسکین ہوتی ہے اس میں نہ تو کوئی پاکیزگی ہے اور نہ ہی ایک دوسرے پر کوئی ذمہ داری عائد ہے، اس کے برخلاف نکاح ایک پاکیزہ رشتہ ہے جس سے ایک دوسرے کے حقوق متعلق ہوجاتے ہیں اور ذمہ داریاں عائد ہوجاتی ہیں، نکاح انبیاء کی سنت ہے، زنا فساق و فجار کا طریقہ ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند