• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 69472

    عنوان: نكاح رضاعی بہن سے ہوچکا ہے تو اب اس کا کیا کریں؟

    سوال: میرے ایک دوست ہیں عبدالرحمن۔ انکو بچپن میں ان کی ممانی نے ایک مرتبہ دودھ پلایا تھا ،بعد میں جب شادی کی عمر ہوئی تو عبد الرحمن کا نکاح ان کے گھر والوں نے طے کرکے نکاح بھی کردیا۔ اب ان کی دو اولادیں بھی ہیں اب ان کو اس مسئلہ (رضائی بہن سے نکاح نہ ہونے ) کے بارے میں علم ہوا تو اب کیا کریں۔ اب یہ دونوں ایسی پوزیشن میں ہیں کہ طلاق بھی نہیں دینا چاہتے ہیں۔ اسکا حل کیا ہے ؟ جواب عنایت کرکے عنداللہ ماجور ہوں خیرا

    جواب نمبر: 69472

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1131-1110/M=12/1437 اگر شرعی طور پر یہ ثابت ہے کہ عبدالرحمن کو ان کی ممانی نے مدت رضاعت میں دودھ پلایا ہے تو ممانی رضاعی ماں ہوگئی او رممانی کی بیٹی، عبدالرحمن کی رضاعی بہن بن گئی اور رضائی بہن بھائی کا آپس میں نکاح حرام و ناجائز ہوتا ہے پس اس صورت میں عبدالرحمن کا نکاح ممانی کی بیٹی سے ناجائز اور نادرست ہوا، اب مسئلہ معلوم ہوگیا تو دونوں کو ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کرنا لازم ہے اور اب تک لاعلمی میں جو کچھ ہوا اس پر توبہ استغفار کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند