• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 61641

    عنوان: پانچ مہینے پہلے میری منگنی ہوئی ، شادی سے دو مہینے پہلے میں نے اپنی منگیتر کا ویزا بنوانے کے لیے نکاح نامہ میں دستخط کیا اور ایسا ہی لڑکی اور گواہوں نے کیا، نکاح نہیں پڑھا گیا ، نہ ہی ہم نے اپنے منہ سے کہا کہ قبول ہے ، ابھی ہم لوگ شادی نہیں کرنا چاہتے۔ میرا سوال ہے کہ کیا ہم دونوں میاں بیوی بن گئے ہیں؟

    سوال: میرا تعلق پاکستان سے ہے، اور رہائش دبئی میں ہے، پانچ مہینے پہلے میری منگنی ہوئی ، شادی سے دو مہینے پہلے میں نے اپنی منگیتر کا ویزا بنوانے کے لیے نکاح نامہ میں دستخط کیا اور ایسا ہی لڑکی اور گواہوں نے کیا، نکاح نہیں پڑھا گیا ، نہ ہی ہم نے اپنے منہ سے کہا کہ قبول ہے ، ابھی ہم لوگ شادی نہیں کرنا چاہتے۔ میرا سوال ہے کہ کیا ہم دونوں میاں بیوی بن گئے ہیں؟ ابھی چھوڑنے کے لیے کیا مجھے طلاق دینی پڑے گی یا پھر ہمارا نکاح ہوا یا نہیں؟

    جواب نمبر: 61641

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 863-828/Sn=12/1436-U صورتِ مسئولہ میں آپ دونوں میاں بیوی نہیں بنے، آپ دونوں کا نکاح نہیں ہوا، شرعاً صحت نکاح کے لیے ضروری ہے کہ لڑکا اور لڑکی دونوں خود یا ان کی طرف سے وکیل مجلس نکاح میں شرعی گواہوں کی موجودگی میں ایجاب وقبول کریں، محض نکاح نامہ میں فریقین اور گواہوں کے دستخط کرنے سے نکاح منعقد نہیں ہوتا، صورت مسئولہ میں جب نکاح ہی نہیں ہوا تو چھوڑنے کے لیے طلاق کی بھی ضرورت نہیں ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند