• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 58723

    عنوان: میں اپنی خالہ کی لڑکی سے منگنی کرنا چاہتاہوں سب راضی ہیں مگر بڑے بھائی كہتے ہیں وہاں شادی نہیں كرنے دوں گا‏، ایسے میں مجھے وہاں شادی كرنی چاہیے یا نہیں؟

    سوال: میرا مسئلہ یہ ہے کہ میں اپنی خالہ کی لڑکی سے منگنی کرنا چاہتاہوں اور میں وہاں رشتہ بھیجنا چاہتاہوں اور میری خالہ بھی اس رشتے سے مطمئن ہے اور میرے گھر والے بھی مطمئن ہیں۔ اس روشتے کے بارے میں میرے بڑے بھائی مجھ سے کہہ رہیں کہ میں تجھے وہاں شادی نہیں کرنے دوں گا کیوں کہ اس نے ایک سا ل پہلے وہاں رشتہ بھیجا تھا مگر میری خالہ نے اس کو منع کردیا تھا اور وہ اب کہہ رہے ہیں کہ میں بھی وہاں نہیں کروں گا اور تجھے بھی وہاں نہیں کردوں گا ۔ ویسے میرے گھر والے راضی ہیں اس رشتے سے مگر میرے بھائی کی وجہ سے وہاں میری شادی نہیں کرا رہے ہیں، اور جہاں میں رشتہ کرنا چاہتاہوں وہ بھی راضی ہے میرے سے ۔ اب یہ بتائیں کہ مجھے وہاں شادی کرنی چاہئے یا نہیں؟ اگر نہیں کرنی چاہئے تو کیوں؟

    جواب نمبر: 58723

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 508-498/N=7/1436-U

    جب آپ اور آپ کے والدین اس رشتہ سے مطمئن ہیں، نیز لڑکی والے بھی تو آپ پر بڑے بھائی کی بات ماننی ضروری نہیں، ماں باپ کا درجہ ان سے بلند ہے اور ان کی مرضی ومنشا کی رعایت زیادہ اہم ہے، نیز آپ کے بڑے بھائی کا انکار محض ضد وعناد پر مبنی معلوم ہوتا ہے؛ لہٰذا آپ یہ رشتہ کرلیں، اللہ تعالیٰ آپ کے لیے اور آپ کے والدین وغیرہ کے لیے اس رشتہ میں خیر وبرکت پیدا فرمائیں۔ آمین


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند