• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 57410

    عنوان: شادی سے پہلے لڑكے كا لڑكی كو دیكھنا

    سوال: میرے والدین نے میرے لیے ایک لڑکی کا انتخاب کیا ہے۔ ہم دونوں کے گھر والے ایک دوسرے کے گھر ہوکر آئے ہیں۔اور شادی پر متفق ہیں۔ میری ماں کہتی ہیں کہ لڑکی اچھی ہے اور وہ اس کو فائنل کرتی ہیں۔ لڑکی پردہ کرتی ہے او رمیں نے اس کو پہلے کبھی نہیں دیکھا ہے۔ ساتھ ساتھ مجھ کو یقین ہے کہ اس نے مجھ کو تصویر میں دیکھا ہے کیوں کہ اس کا بھائی میرا کلاس کا ساتھی ہے گزشتہ چھ سال سے اور اس کے پاس میرا پرانا گروپ فوٹو ہوگا۔ میں نے ایک مفتی صاحب سے پوچھا کہ کیا لڑکی کو شادی سے پہلے دیکھنا جائز ہے شادی کی نیت سے کیوں کہ اس بارے میں چند احادیث ہیں جس میں دیکھنے کو کہا گیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ لڑکی کو صرف پوشیدہ طریقہ پردیکھنا درست ہے، مثال کے طور پر میری ماں اس کو میرے گھر بلاتی ہے اور میں اس کو بغیر اس لڑکی کے علم میں لائے ہوئے دیکھ لیتا ہوں۔ میرے لیے یہ طریقہ اختیار کرنا ممکن نہیں ہے۔ تاہم میں نے سنا ہے کہ اس سے چند منٹ تک بات کرنا درست ہے مثال کے طور پر پندرہ منٹ اس کے محرم کی موجودگی میں۔ براہ کرم بتائیں اس معاملہ میں میں کیا کروں؟ میرے گھر والے اس ہفتہ وہاں جارہے ہیں۔ براہ کرم جواب دیں۔

    جواب نمبر: 57410

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 000-000/M=5/1436-U

    مخطوبہ لڑکی (جس لڑکی سے شادی کا رشتہ طے ہورہا ہے) کو نکاح کے ارادے سے ایک نظر دیکھ لینے کی اجازت ہے، لیکن اس سے بات چیت کرنا درست نہیں، بہتر یہ ہے کہ گھر کی عورتوں کو بھیج کر تفصیلات معلوم کرکے اطمینان کرلیں اور آپ کی والدہ کو لڑکی پسند ہے تو ان کی پسند پر اعتبار کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند