• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 56105

    عنوان: لڑكی كی شادی ہوسكتی ہے كیا؟Autism

    سوال: میرا سوال یہ ہے کہ ایک لڑکی کو اوٹزم (Autism․․․ایک قسم کی بیماری )لاحق ہے، کیا اس کا نکاح ہوسکتاہے یا نہیں؟ کیوں کہ اس کی حالت یہ ہے کہ جس چیز کی اس کو ٹریننگ دی جائے جیسے اپنے دانتوں میں برش کرو، کھانا کھاؤوغیرہ ،تو وہ سب کرلیتی ہے ، لیکن جس چیز کی ٹریننگ نہ جائے تو وہ اسے نہیں کرسکتی اوروہ اچھے برے کے درمیان فیصلہ نہیں کرسکتی ہے، بس وہ ایک کمپیوٹر کی طرح ہے کہ جو بھی پروگرام/سوفٹ وئیر ڈالو یہ چلنے لگتاہے وہی کام کرتا ہے جو اس میں ہے مگر وہ دوسرام کام نہیں کرسکتاہے۔ وہ یہ بھی نہیں جانتی ہے کہ نکاح کیا ہے؟ براہ کرم، جواب دیں۔

    جواب نمبر: 56105

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1424-1128/D=1/1436-U87 لڑکی بنات آدم میں سے ہے، لہٰذا اس کا نکاح ابنائے آدم میں سے کسی لڑکے سے ہوسکتا ہے، البتہ لڑکے کو پورے حالات سے باخبر کردیاجائے تاکہ دھوکہ دہی لازم نہ آئے، جو کیفیت لڑکی کی سوال میں لکھی ہے یہ جنون کی قسم معلوم ہوتی ہے (کسی حکیم سے تحقیق کرلی جائے) فقہاء نے جنون کی تعریف یہ لکھی ہے وفی التلویح الجنون اختلال القوة الممیزة بین الاشیاء الحسنة والقبیحة المدرکة للعواقب (شامی ۴/۸۳) یعنی اچھی اور بری چیزوں کے درمیان تمیز کرنے والی قوت جس سے انجام کا ادراک ہوتا ہے اس میں خلل پیدا ہوجانے کا نام جنون ہے۔ اگر لڑکی کا مجنون ہونا متحقق ہوجائے تو اس کا نکاح ولی اقرب کرسکتا ہے (لڑکی کی رضا وعدم رضا یا فہم وعدم فہم کا اعتبار نہیں ہوگا)۔ قال في الدر وہو أي الولي شرط صحة نکاح صغیر ومجنون․ ج۲/۳۲․ وقال أیضا وللولي الآتي بیانہ إنکاح الصغیر والصغیرة (الدر مع الرد) جبرًا ولو ثیبا کمعتوہ ومجنون شہرًا (الدر مع الرد ۲/۳۳۰)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند