• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 50919

    عنوان: نمازی لڑکی کا نکاح بے نمازی لڑکے کے ساتھ

    سوال: میرا مسئلہ یہ ہے کے میرے گھر والے میری شادی دنیا کے رواج کے مطابق کسی بھی ایسے لڑکے سے کرنا چاہتے ہیں جو دنیاوی لحاظ سے بہتر ہو یہاں تک کے نماز بھی نہ پڑھتا ہو انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن میں اپنی زندگی اسلام کے مطابق گزارنا چاہتی ہوں۔ میں پوچھنا چاہتی ہوں کہ کیا ایک مسلمان لڑکی بے نمازی لڑکے سے شا دی کر سکتی ہے۔ کیا لڑکی دیندار لڑکے کو ای میل کر کے شادی کا پیغام دے سکتی ہے حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالی عنہا نے بھی تو نبی ﷺ کو شادی کا پیغام خود دیا تھا۔ دیندار شوہر پانے کے لیے اگر کوئی دعا ہے تو وہ بھی ضرور بتائیں۔جزاک اللہ۔

    جواب نمبر: 50919

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 361-282/D=4/1435-U نمازی لڑکی کا نکاح بے نمازی لڑکے کے ساتھ اگر لڑکی اور اس کے گھر والے راضی ہیں تو درست ہوجائے گا، مگر دین دار لڑکی کے لیے دین دار لڑکا قابل ترجیح ہونا چاہیے، آپ کی پریشانی بجا ہے لیکن از خود کسی دین دار لڑکے کے پاس پیغام نکاح بھیجنا لڑکی کے لیے پسندیدہ نہیں ہے، کبھی بے حیائی پر محمول ہوسکتا ہے اس لیے بہتر یہ ہے کہ آپ گھر والوں کے توسط سے لڑکے کے پاس پیغام بھجوائیں۔ عشا کی نماز کے بعد یا لطیفُ یا ودودُ گیارہ تسبیح (گیارہ سو دانے) اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر دعا کریں۔ اور اگر ہوسکے تو سورہٴ مجادلہ جو اٹھائیسویں پارے کے شروع میں ہے پڑھ لیا کریں، ان شاء اللہ اچھا رشتہ آئے گا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند