• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 4153

    عنوان:

    کفو سے کیا مراد ہے؟ کیا کفو میں اپنے خاندا ن میں شادی کرنا بھی شامل ہوگا؟ ہمارے ملک میں بہت سے لوگ اپنی ہی ذات میں شادی کرنے کو لازم سمجھتے ہیں،اور اگر کوئی دوسری ذات میں کر لے تو اس کا خاندانی بائیکاٹ ہوتاہے اور سگے رشتے سالہا سال ایک دوسرے سے نہیں ملتے۔ ہم اس موضوع پر آپ سے اور دوسرے علماء سے فتوی چاہتے ہیں تاکہ میں ان لوگوں کو دکھا سکوں۔ براہ کرم، تفصیل سے جواب دیں۔

    سوال:

    جواب نمبر: 4153

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1085=210/ ھ

    اصل یہ ہے کہ سب خاندانوں کی معیشت و معاشرت میں یکسانیت نہیں ہوتی بلکہ عامةً ہرایک خاندان کا رہن سہن طور طریق خو بو الگ الگ ہوتا ہے اور مصالح نکاح میں توافق بہت ضروری ہے، زوجین بلکہ دونوں کے مزاج، خاندان، مال، دیانت وغیرہ میں توافق ہوتا ہے تو زندگی خوش گوار گذرتی ہے اور ان امور میں ایک دوسرے سے بعد ہو تو بسا اوقات دونوں کی بلکہ دونوں کے خاندانوں کی زندگیاں تلخی اور ناخوش گواری میں گذرتی ہیں، بعض مرتبہ لڑکے اور لڑکی میں کچھ ایسا جوہر ہوتا ہے کہ خاندان کے مختلف ہونے کے باوجود کوئی ناخوشگواری پیش نہیں آتی، ایسے مواقع پر بھی خاندان سے ہٹ کر دوسرے خاندان میں نکاح کرلینے پر بائیکاٹ کرنا اور رشتوں کو ختم کرنا وغیرہ امور بہت بڑا ظلم ہے، جس طرح مال و دیانت میں بھی تو کفاء ت شریعتِ مطہرہ کی نظر میں ملحوظ ہے، مگر اس کا لحاظ کیے بغیر کوئی نکاح کرلے تو تو کوئی بھی کسی کا بائیکاٹ نہیں کرتا، اسی طرح دوسرے خاندان میں نکاح کرلینے پر بائیکاٹ ہرگز نہ کرنا چاہیے، الغرض اپنے ہی خاندان میں نکاح کرنا یہ کوئی شرط یا لازم نہیں البتہ اگر توافق فی المزاج کی رعایت میں کوئی ایسا کرے تو کچھ گناہ بھی نہیں۔

    واللہ تعالیٰ اعلم

    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند