• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 35270

    عنوان: غیر مطلقہ عورت سے نكاح كا حكم

    سوال: میرے ایک دوست نے ایک خاتون سے محبت کی ہے اور وہ خاتون شادی شدہ ہے، یہ دونوں ایک دوسرے سے بہت محبت کرتے ہیں، وہ خاتون اپنے شوہر کو نہیں چھوڑ سکتی ۔ میرے دوست اور اس خاتون نے قرآن پاک کو گواہ بنا کر ایک دوسرے کو اپنے نکاح میں قبول کیا ہے۔ میرے دوست اور اس خاتون کے علاوہ وہاں پر کوئی نہیں تھا سوائے قرآن پاک کے تو آپ سے سوال یہ ہے کہ کیا یہ شادی ہوگئی ہے؟جب کہ وہ خاتون پہلے سے ہی سے کسی کے نکاح میں ہے اور میرا دوست کنوارا ہے۔ براہ کراس پر روشنی ڈالیں۔

    جواب نمبر: 35270

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(د): 1975=1214-12/1432 خاتون جب شادی شدہ ہے اوراس کے شوہر نے کسی قسم کی طلاق اسے نہیں دی ہے تو اس سے نکاح کا نام لینا ہی سخت گناہ کی بات ہے۔ اور قرآن پاک کو گواہ بناکر نکاح کرنا دوسرا سخت گناہ ہوا۔ دونوں کو اپنے مذکورہ دونوں عظیم گناہوں سے پکی سچی توبہ کرنی واجب ہے، اللہ تعالیٰ کے سامنے خوب روئیں گڑگڑائیں۔ اگر دونوں نے آپس میں کسی قسم کا تعلق قائم کیا ہو تو وہ حرام کے دائرہ میں ہے، اس سے بھی توبہ کریں اور ایک دوسرے سے علاحدگی اختیار کرلیں۔ شادی کا خیال بھی دل میں لانا سخت گناہ ہے، عورت اپنے شوہر کے حقوق ادا کرے او رلڑکا کسی دوسری جگہ شادی کرنے کی فکر کرے، اس کا خیال دل سے نکال دے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند