• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 32627

    عنوان: اب میرا دوست اس طلاق شدہ لڑکی سے شادی کرناچاہتاہے، کیا میرا دوست ایسا کرسکتاہے؟کیا یہ جائز ہوگا

    سوال: میرا دوست ایک شادی شدہ لڑکی سے پیار کرتاتھا اور وہ دونوں ہمبستری بھی کرچکے تھے، کچھ دنوں بعد میرے دوست کی شادی اس لڑکی کی چھوٹی بہن سے ہوگئی ، شادی کے چھ مہینے بعد پہلی لڑکی کے شوہر کو ان کے ناجائز رشتے کے بارے میں معلوم ہوگیااور اس نے غصہ میں اپنی بیوی کو طلاق دیدی۔ اب میرا دوست اس طلاق شدہ لڑکی سے شادی کرناچاہتاہے، کیا میرا دوست ایسا کرسکتاہے؟کیا یہ جائز ہوگا؟جو زنا ان دونوں سے ہوگیا، اس کی تلافی اور معافی کے لیے بھی کچھ بتائیں۔

    جواب نمبر: 32627

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ب): 959=799-7/1432 ایک بہن کے نکاح میں رہتے ہوئے اس کی دوسری بہن سے نکاح کرنا حرام ہے، خود قرآن کریم میں اس کی صراحت موجود ہے، ”حُرِّمَتْ عَلَیْکُمْ اُمَّہَاتُکُمْ وَبَنَاتُکُمْ وَاَخَوَاتُکُمْ وَعَمَّاتُکُمْ وَخَالَاتُکُمْ وَبَنَاتُ الْاَخِ وَبَنَاتُ الْاُخْتِ وَاُمَّہَاتُکُمُ اللّٰاتِیْ اَرْضَعْنَکُمْ وَاَخَوَاتُکُمْ مِنَ الرَّضَاعَةِ وَاُمَّہَاتُ نِسَآئِکُمْ وَرَبَآئِبُکُمُ اللّٰاتِیْ فِیْ حُجُوْرِکُمْ مِنْ نِسَآئِکُمُ اللّٰاتِیْ دَخَلْتُمْ بِہِنَّ فَاِنْ لَمْ تَکُوْنُوْا دَخَلْتُمْ بِہِنَّ فَلَا جُنَاحَ عَلَیْکُمْ وَحَلَآئِلُ اَبْنَآئِکُمُ الَّذِیْنَ مِنْ اَصْلَابِکُمْ وَاَنْ تَجْمَعُوْا بَیْنَ الْاُخْتَیْنِ“ (النساء:۲۳) چونکہ آپ کے دوست کے نکاح میں اس طلاق شدہ لڑکی کی بہن پہلے سے موجود ہے؛ اس لیے اس لڑکی سے آپ کا دوست نکاح نہیں کرسکتا۔ اور ان دونوں سے جو غلط حرکت کا صدور ہوا اس کے لیے اللہ تعالیٰ سے توبہ واستغفار کریں اور آئندہ اس طرح کی حرکتوں سے اجتناب کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند