• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 31702

    عنوان: میاں بیوی کے مشترکہ مسائل

    سوال: السلام علیکم میری بیوی میرا کہنا اپنی مرضی سے مانتی ہے ، یعنی جو بات کہوں وہ فوراً نہیں کرتی بلکہ اپنی مرضی سے اور جب دل ہو کرتی ہے۔ اور کئی کام تو مہینوں کے حساب سے ملتوی ہو جاتے ہیں۔ میری بیوی مجھے عمل کی بجائے زبان سے مطمئن کرنے کی کوشش کرتی ہے اور بعض اوقات زبان درازی بھی کرتی ہے۔ میں یقیناً اپنی بیوی پر شک کرتا ہوں، وجوہات میں سے چند ایک ، جب بھی میری بیوی موٹر سائیکل پر میرے ساتھ جاتی ہے تو میرے منع کرنے کے باوجود دائیں بائیں بلاوجہ دیکھتی ہے جس سے لوگ اس کی طرف متوجہ ہو جاتے ہیں۔ میری بیوی میرے کہنے پر برقع پہنتی ہے لیکن کہنے کے باوجود چہرہ اکثر کھلا چھوڑتی ہے۔ اور میں اس وجہ سے شک کرتا ہوں کہ کیوں کھلا چھوڑتی ہے۔ پر میری بیوی پرواہ نہیں کرتی۔ مجھہ سے زیادہ بچوں کا خیال رکھتی ہے۔ بچے میرے ساتھ برتاؤ دیکھتے ہیں ۔اس وجہ سے وہ بھی اب میری اور اپنی ماں کا کہنا ماننا کم کر چکے ہیں۔ میری بیوی کا کہنا ہے کہ وہ میری ہر بات مانتی ہے اور جیسا کہوں ویسا کرنے کی کوشش کرتی ہے، جبکہ یہ اس کے خیالات ہیں، جن سے میں قطعی متفق نہیں، صورتِ حال آپ کو بتا چکا ہوں۔ آپ سے فتویٰ درکار ہے،

    جواب نمبر: 31702

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ھ): 847=548-5/1432 حکمت بصیرت، نرمی شفقت سے سمجھاکر احکامِ شرع پر عمل کی ترغیب دیتے رہیں، حسن معاشرت کو ہروقت ملحوظ رکھیں، دل سوزی کے ساتھ اس کے اور بچوں کے حق میں دعا کرتے رہیں، قریب میں کوئی نیک صالحہ متقیہ عورت ہوں تو ان کے پاس اٹھنے بیٹھنے کا کوئی مناسب نظام بیوی کے لیے مقرر کرلیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند