• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 31152

    عنوان: والدین کی مرضی کے خلاف شادی کرنا

    سوال: دوسال قبل میری بہن نے والدین کی مرضی خلاف شادی کی تھی، تب ہی سے میں نے اس سے اور اس کے شوہر سے بات نہیں کی ہے، لیکن ابھی حال میں نے واقعہ کو بھول کر اس سے بات کرنا شروع کردیا ہے مگر اس کے شوہر سے بات نہیں کررہا ہوں، کیا یہ گناہ ہے؟ مذہب اسلام اس بارے میں کیا مشورہ دیتاہے۔ براہ کرم، اپنا مشورہ دیں۔

    جواب نمبر: 31152

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(م): 614=614-4/1432 نفسانی خواہش کی تسکین، تکبر وغرور ذاتی عناد ودشمنی اور دنیوی مفاد یہ وہ مذموم مقاصد ہیں جن کی خاطر ترک کلام وتعلق کی شریعت میں اجازت نہیں، ہاں اگر کسی کی اصلاح وتادیب مقصود ہو یا کسی کے برے فعل پر نفرت وبیزاری کا اظہار کرکے اس کو تنبیہ کرنا اور اخروی نقصان سے بچانا مقصود ہو تو اس کی گنجائش ہے، لیکن صورت مسئولہ میں اب اس واقعہ کو بھول کر تعلق استوار کرنے کی کوشش کی جائے، اسی میں دونوں کے لیے بھلائی ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند