• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 2375

    عنوان: کیا مسلمان حنفی لڑکا کسی اہل حدیث لڑکی سے شادی کرسکتا ہے؟ یاکوئی حنفی لڑکی کسی اہل حدیث لڑکے سے شادی کرسکتی ہے؟

    سوال: کیا مسلمان حنفی لڑکا کسی اہل حدیث لڑکی سے شادی کرسکتا ہے؟ یاکوئی حنفی لڑکی کسی اہل حدیث لڑکے سے شادی کرسکتی ہے؟

    جواب نمبر: 2375

    بسم الله الرحمن الرحيم

    (فتوی: 875/875=ج) غیرمقلدین جو اپنے آپ کو اہل حدیث کہتے ہیں تو مسلمان مگر اپنے عقائد کی وجہ سے اہل السنة والجماعة سے خارج اور فرقہٴ ضالہ میں سے ہیں، اس لیے اگر کوئی حنفی لڑکا اہل حدیث لڑکی سے اور کوئی حنفی لڑکی اہل حدیث لڑکے سے شادی کرے تو شرعاً یہ درست و جائز ہے، لیکن بہتر یہ ہے کہ ان سے مناکحت سے اجتناب کیا جائے کیونکہ حنفی لڑکا یا لڑکی اہل حدیث (غیرمقلد) لڑکی یا لڑکا سے متأثر ہوکر غیر مقلد ہوجائے گی یا دونوں میں نباہ مشکل ہوجائے گا، یہ ہمارے حنفی مذہب کا فتویٰ ہے لیکن اہل حدیث (غیرمقلدین) کے یہاں ان کا مقلدین بالخصوص حنفیوں سے نکاح جائز نہیں، مشہور غیرمقلد مولوی ابوالشکور عبدالقادر صاحب (ضلع حصار) اپنی کتاب سیاحة الجنان بمناکحة أہل الإیمان: ص۵ پر لکھتے ہیں: خواص تو جانتے ہیں، میں عوام کی خاطر کچھ عرض کرتا ہوں کہ مقلدین موجودہ دس وجہوں سے گمراہ اور فرقہٴ ناجیہ سے خارج ہیں، جن سے مناکحت جائز نہیں ہے? اور وجوہ بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں: وجہ اول یہ ہے کہ موجودہ حنفیوں میں تقلید شخصی پائی جاتی ہے جو سراسر حرام اور ناجائز ہے انتہی بلفظہ (طائفہٴ منصورہ: ص۱۴) اس لیے حنفی لڑکے یا لڑکی کو اہل حدیث (غیرمقلد) لڑکی یا لڑکے سے نکاح کرتے وقت ان کے درج بالا باطل تصور و خیال کو نظر انداز نہیں کردینا چاہیے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند